مک مکا کے ذریعے باریاں لینے والے ناؤ کو ڈوبتا ہوا دیکھ کر پھر اکٹھے ہو رہے ہیں ، جمشید اقبال چیمہ

جمعہ 22 اگست 2014 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مک مکا کے ذریعے باریاں لینے والے اپنی ناؤ کو ڈوبتا ہوا دیکھ کر پھر اکٹھے ہو رہے ہیں ،انشا اللہ وہ دن آئے گا جب عوام کی حقیقی حکومت آئے گی اور قوم کے خون پسینے کی لوٹی ہوئی پائی پائی کا حساب لیا جائے گا ۔ اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں علی باباچالیس چور کا راگ الاپنے اور پیٹ پھاڑ کر کرپشن کے اربوں روپے نکلوانے کے دعوے کرنیوالے آج بھائی بھائی بن گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

نواز شریف جسے مرضی ساتھ ملا لیں وہ اپنی جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو نہیں بچا سکیں گے اور وہ دن قریب ہیں جب حقیقی احتساب ہوگا اور حکمرانوں کو کہیں بھاگنے اور چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سچا اور کھرا لیڈر ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پوری قوم اسکی پشت پر ہے اور اسی خوف نے حکمرانوں کی راتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اب مک مکا کے ذریعے باریاں لینے والوں کا دور ہمیشہ کیلئے ختم ہونے والا ہے ، کرپشن میں سر سے پاؤں تک لتھڑے ہوئے جتنی مرضی کاوشیں کر لیں اب جی کا جانا ٹھہر گیا ہے صبح گیا ہے یا شام گیا ہے ۔