دوبارہ الیکشن ہوئے تو پی ٹی آئی کو خالی بکس لے جانا پڑیں گے، ناصر خان موسیٰ زئی

جمعہ 22 اگست 2014 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواترجمان ناصر خان موسیٰ زئی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے پشاور میں دیگر جماعتوں کو مجمع اکٹھا کرنے کے چیلنج کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے تاحال این اے ون سے بری طرح شکست کا سبق نہیں سیکھا ‘ مسلم لیگ (ن) اکیلے اس سے زیادہ مجمع اکٹھا کر سکتی ہے اور اگر دوبارہ الیکشن ہوئے تو پی ٹی آئی کو خالی بکس لے جانا پڑیں گے اور ان کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آئے گی‘ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں خطاب کے دوران ان کے دئیے گئے چیلنج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان این اے ون میں اے این پی کے رہنما غلام بلور کے ہاتھوں بدترین شکست سے سبق نہیں سیکھے ‘ خیبرپختونخوا میں بھی دھاندلی کرکے پی ٹی آئی کے امیدوار برسر اقتدار آئے‘ان کے امیدوار کو تو کوئی جانتا بھی نہیں تھا اور منتخب ہونے کے بعد بھی ایم پی ایز کو اپنے حلقے عوام جانتے ہیں نہ انہیں کبھی دیکھا ہے‘ انہوں نے کہا کہ پشاور میں صرف مسلم لیگ (ن) پی ٹی آئی سے زیادہ بڑا مجمع جمع کر سکتی ہے اور لیگی کارکن سڑکوں پر نکلے تو اس صوبے کے حقوق کیلئے نکلیں گے نہ کہ میوزک شوز کیلئے‘ اسلام آباد میں نوجوان پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے نہیں جاتے بلکہ وہاں ناچ گانے کیلئے جاتے ہیں ‘ دن کو ناچ گانا نہ ہونے پر وہاں کوئی بھی نظر نہیں آتا‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 18 کروڑ عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے اور میوزک شوز کے لوگوں کے کہنے پر وزیر اعظم کا مستعفی ہونا اور اسمبلیاں توڑنا 18 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی‘ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو حکومت کسی نے خیرات میں نہیں دی بلکہ عوام نے ووٹ دئیے جبکہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو حکومت مسلم لیگ (ن) نے خیرات میں دی اگر چاہتے تھے خیبر پختونخوا میں بھی پی ٹی آئی کو لات مار کر حکومت بنا سکتے تھے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کیا جو کہ جمہوریت کا حسن ہے لیکن غیر جمہوری لوگ سڑکوں پر نکل کر فحاشی اور عریانی کی محفلیں سجا کر وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرکے ملک کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ ڈرامہ اب بہت جلد ختم ہونے والا ہے ‘ اب بھی چاہیں تو خیبر پختونخوا میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرکے اپنی حکومت بنا سکتے ہیں لیکن مرکزی قائدین کے اشارے کا انتظار ہے ‘ میاں نواز شریف کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی صوبائی حکومت پر یلغار کر دیں گے اور پھر خٹک ڈانسروں کے ٹولے کی حکومت کو کوئی بچانے والا نہیں ہوگا