آصف زراداری کا الطاف حسین سے ٹیلی فون پررابطہ، سیاسی بحران ، مجموعی سیاسی صورتحال اوردیگر امورپر بات چیت

جمعہ 22 اگست 2014 22:49

آصف زراداری کا الطاف حسین سے ٹیلی فون پررابطہ، سیاسی بحران ، مجموعی ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے کوچیئرپرسن آصف علی زرداری نے جمعہ کے روز ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔دونوں رہنماوٴں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اورایک دوسرے کی صحت وعافیت کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ دونوں رہنماوٴں کے درمیان ملک میں جاری سیاسی بحران، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اوردیگر امورپر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوٴں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو بات چیت اور مذاکرات کاراستہ اختیارکرنا چاہیے اور ایسے ہرعمل سے گریز کرنا چاہیے جس سے ملک میں افراتفری اور انتشار کی صورتحال میں اضافہ ہو ۔آصف زرداری نے افہام وتفہیم سے مسائل کے حل کیلئے الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اورانہیں ہفتہ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اپنی متوقع ملاقات سے بھی آگاہ کیاجس پر الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ،ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے نیک کاوش میں آپ کو کامیابی عطا کرے ۔دریں اثناء گزشتہ رات سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے بھی الطاف حسین سے ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔