کراچی ، قتل وغارت کا تسلسل جاری ، پاکستان ایئرفورس کے ملازم اور میاں بیوی سمیت مزید7 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا

جمعہ 22 اگست 2014 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) شہر قائد میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے باوجود قتل وغارت کا تسلسل جاری ہے، جمعہ کو بھی ٹارگٹ کلرز سرگرم رہے اور انہوں نے پاکستان ایئرفورس کے ملازم اور میاں بیوی سمیت مزید7 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع روبی سینما نئی آبادی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 40سالہ ابوبکر ولد محمد یاسین اعوان جاں بحق ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول پاکستان ایئرفورس کا ملازم ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملیر سٹی تھانے کی حدود بکرا پیڑی کے قریب چونگی پر بیٹھے افراد پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں 3افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2شدید زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 30سالہ جاوید ولد عبدالمجید بلوچ ،30سالہ فتح محمد کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والوں میں 32سالہ اکبر ،35سالہ زاہد ولد حامد اور ہمان چند ولد شام چند شامل ہیں ۔

زخمیوں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی افراد میں ہمان چند کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس ذرائع کا واقعہ منشیات فروشوں کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں پیش آیا ہے ۔پیر آباد تھانے کی حدود بلوچ روڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت مبارک اور نسرین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے پیر آباد تھانے کی حدود میں واقع بلوچ روڈ شاہ فیصل محلہ میں ایک گھر میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن ساڑھے 11غازی آباد کرسچن محلے سے ایک شخص کی 3سے 4دن پرانی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت 57سالہ سیف الدین ولد جمال الدین کے نام سے ہوئی ہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔سپرہائی وے پر واقع مویشی منڈی کے قریب جمالی گوٹھ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 60 سالہ سراج الدین ولد احمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

متعلقہ عنوان :