گندم کی صورتحال بارے صوبائی فوڈ کمیٹی کا ایک اجلاس

جمعہ 22 اگست 2014 22:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی کی زیر صدارت گندم کی صورتحال کے حوالے سے صوبائی فوڈ کمیٹی کا ایک اجلاس پشاور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک ، ڈائریکٹر خوراک ، ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس اور محکمہ فنانس اور قانون کے نمائندے موجود تھے۔اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا میں گندم کی صورتحال پر بحث کرتے ہوئے تجاویز پیش کی گئیں تاکہ آئندہ سردیوں کے موسم میں صوبہ بھر بالخصوص دور دراز علاقوں میں گندم کی کمی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک کی صوبہ بھر میں گندم اور گندم کے آٹا کی دستیابی کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ہے اس لئے انہوں نے محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ خوراک کی کارکردگی کو مزید بہتر اور فعال بنائیں تاکہ صوبے کے عوام کو اس ضمن میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک نے کہا کہ چترال کو گندم کی دستیابی ایک اہم مسئلہ ہے کیونکہ سردیوں کے موسم میں چترال کے علاقے کا زمینی رابطہ برف باری اور لواری ٹاپ کی بندش کی وجہ سے دیگر اضلاع سے منقطع ہو جاتا ہے اسلئے وہاں پر گندم کی دستیابی کے حوالے سے پیش بندی انتہائی ضروری ہے تاکہ وہاں پر گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو گندم کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ چترال کو گندم ترسیل کرنے والے ٹھیکیدار کو اس بات کیلئے تیار رکھیں کہ موسم سرما میں چترال میں گندم اور آٹا کی کمی درپیش نہ آئے اور وہاں کے مقامی لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے لوگوں کی بے لوث اور مشنری جذبے سے خدمت کرنے والے افسران کی کارکردگی کو سراہا۔