وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی کا ایل آر ایچ کا دورہ،طوفانی بارش سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی

جمعہ 22 اگست 2014 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے گزشتہ شب پشاور میں ہونے والی طوفانی بارش کے فوری بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا ہنگامی دورہ کیا اوربارش کے نتیجہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔انہوں نے اس موقع پر ہسپتال عملہ کو زخمیوں کو بہتر سے بہترین مفت علاج معالجہ کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے ڈاکٹروں کی تنبیہ کی کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی بر وقت فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے بارشوں کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے تین تین لاکھ اور زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بارشوں کے نتیجہ میں املاک کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کمشر پشاور جائزہ رپورٹ تیار کر رہے ہیں اور اس رپورٹ کی روشنی میں مالکان کی مالی امداد کی جائے گی۔اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسدقیصر بھی وزیر اطلاعات کے ہمراہ تھے۔