Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کلفٹن میں جمعہ کو تیسرے روز بھی عمران خان کی ہدایت پر دھرنا دیا گیا

جمعہ 22 اگست 2014 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کلفٹن میں جمعہ کو تیسرے روز بھی عمران خان کی ہدایت پر دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں خواتین، نوجوان لڑکے، لڑکیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھیں تھیں۔ دھرنے کے شرکاء گو نواز گو، وزیراعظم کے استعفےٰ اور دھاندلی نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔

دھرنے کے شرکاء سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے کارکنان جب تک اسلام آباد میں دھرنا دے کر بیٹھے رہیں گے کراچی میں بھی دھرنا جاری رہے گا۔ کراچی تحریک انصاف کا قلعہ اور عمران خان کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔ نواز شریف اور موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے برسر اقتدار آئی ہے۔

(جاری ہے)

ان رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف فوری استعفیٰ دیں اور مڈٹرم الیکشن کا فوری اعلان کیا جائے۔

ان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو تحلیل کرکے نئے الیکشن کمیشن کے قیام اور انتخابی اصلاحات کے لئے قانون سازی کا اعلان کیا جائے۔ ان رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء پر حکومت نے طاقت کا استعمال کیا تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے نغموں پر نوجوانوں نے رقص کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات