Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی پیر کو اپنے استعفے سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائیں گے

جمعہ 22 اگست 2014 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی پارٹی قیادت کی ہدایت پر اپنے استعفےٰ منظوری کے لئے پیر کو سیکریٹری سندھ اسمبلی کے پاس جمع کرائیں گے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے میڈیا کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے استعفے جمع کرادیئے ہیں۔

اب پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی پیر کو اپنے استعفے جمع کرادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ استعفے منظور کرنا یا نہ کرنا اسپیکر کا کام ہے۔ پارٹی نے ہمارے استعفے لے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

اب ہم اپنے آپ کو سندھ اسمبلی کا رکن نہیں سمجھتے۔ واضح رہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 250 پر پی ٹی آئی کے عارف علوی کامیاب ہوئے تھے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی ایس 93 پر سید حفیظ الدین، پی ایس 112 پر خرم شیر زمان اور پی ایس 113 پر قمر علی خان کامیاب ہوئے تاہم الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 93 پر سید حفیظ الدین کی کامیابی کو کالعدم قرار دے کر جماعت اسلامی کے عبدالرزاق کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ جاری کیا تھا جس کے بعد اب سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پاس صرف دو نشستیں باقی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات