پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر حکومت سے مذاکرات کا فیصلہ کرلیا

جمعہ 22 اگست 2014 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر حکومت سے مذاکرات کا فیصلہ کرلیا ہے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کااجلاس کنٹینرز پر عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور حامد خان کو مدعو کیا گیا قانونی ماہرین نے بتایا کہ آئین میں وزیراعظم کے استعفے کی گنجائش موجود ہے  وزیراعظم کو کچھ عرصے کے لئے عہدے سے دستبراد ہو جانا چاہیے تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعظم عہدے سے دستبردار ہوں۔

اجلا س کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وہ سیاسی لوگ ہیں، مذاکرات پر ہی یقین رکھتے ہیں ایک طرف حکومت مذاکرات کی دعوت دیتی ہے تو دوسری طرف ریلی نکالنے کا کہتی ہے مولانا فضل الرحمان کا فارمولا ٹکراوٴ کا فارمولا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں وہ تصادم اور تباہی کی طرف جارہے ہیں اور نوازشریف کا ڈوبتا جہاز جلد ڈبونا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم دوبارہ الیکشن ہی بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ ہے تاکہ ایک اٰزاد الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت کا رویہ مثبت ہورہا ہے اور اس کی جانب سے مثبت اشارے بھی ملے ہیں، مذاکرات کے لیے گورنر پناب سے رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے کا کہ تھرڈ امپائر کی انگلی کسی بھی وقت اٹھ سکتی ہے اور تھرڈ امپائر صرف اللہ کی ذات ہے۔شیریں مزاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھی تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ۔