پولیو کے خاتمے کے لیے دہری ویکسین جلد پاکستان میں متعارف کرائی جائیگی

جمعہ 22 اگست 2014 21:29

پولیو کے خاتمے کے لیے دہری ویکسین جلد پاکستان میں متعارف کرائی جائیگی

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پولیو کی دو اقسام کی ویکسین استعمال کرنے سے دنیا کو اس مرض سے جلد چھٹکارا دلانے کی کوششوں میں تیزی آ سکتی ہے۔قطروں کی شکل میں پلائی جانے والی ویکسین دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے، لیکن بھارت میں کیے جانے والے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ قطروں کے ساتھ ساتھ اضافی طور پر ویکسین کا انجیکشن لگانے سے اس مرض کے وائرس کے خلاف مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پولیو کی روک تھام کے لیے اس کی ویکسین کے دو قطرے پلائے جاتے ہیں اس کے اندر پولیو وائرس کمزور حالت میں موجود ہوتا ہے جو مرض تو نہیں پھیلا سکتا لیکن اس کے خلاف جسم کا مدافعتی نظام حرکت میں آ جاتا ہے جو مرض پیدا کرنے والے وائرس کا مقابلہ کرتا ہے،یہ قطرے بہت سستے ہوتے ہیں نظامِ انہضام میں کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے مقابلے پر انجیکشن سے دی جانے والی ویکسین خون کے اندر شامل ہو کر کام کرتی ہے۔

دہری ویکسین نائجیریا میں پہلے ہی استعمال کی جا رہی ہے اور جلد ہی اسے پاکستان میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔عالمی ادار صحت کے ڈاکٹر بروس آئلوارڈ نے کہاکہ اس تجربے کے نتائج پولیو کے خاتمے کے ضمن میں صحیح معنوں میں تاریخی ہیں۔انھوں نے کہاکہ اس سے پولیو ویکسین کے بارے میں ہماری تفہیم میں اور بچوں کو پولیو سے بہترین اور فوری تحفظ فراہم کرنے کے سلسلے میں انقلابی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :