Live Updates

عمران خان کی سید خورشید احمد شاہ پر تنقید کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن

جمعہ 22 اگست 2014 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل ، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم اور سینیٹر سعید غنی نے عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ پر تنقید کو بلاجواز قرار دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی سید خورشید احمد شاہ پر تنقید کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی پارٹی کے نوجوانوں کو غلط اور ناقابل عمل امیدیں دلاکر نوجوانوں میں مایوسی کا باعث بن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں بلا جواز اور غیر ضروری دھرنے دیکر ملک میں ہیجان پیدا کردیا ہے ملک عدم استحکام کا شکار ہورہا ہے، اپنے مزموم مقاصد کی تکمیل میں ناکامی کو سامنے دیکھ کر اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو زبان وہ استعمال کررہے ہیں وہ ایک سیاسی رہنما کو زیب نہیں دیتی۔ دھرنے میں پی ٹی آئی کے کم تعداد میں کارکنوں کی شرکت نے عمران خان کو حواس باختہ کردیا ہے وہ بوکھلا کر خورشید شاہ کے خلاف پروپیگنڈے پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو متنبہ کیا کہ سید خورشید احمد شاہ منتخب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں اور ایک قابل احترام قومی رہنما ہیں۔ عمران خان ان پر کی گئی تنقید واپس لیں اور معذرت کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات