کراچی، پاک بحریہ نے فضائی بیڑے میں دو نئے ہیلی کاپٹرز شامل کرلیے

جمعہ 22 اگست 2014 20:53

کراچی، پاک بحریہ نے فضائی بیڑے میں دو نئے ہیلی کاپٹرز شامل کرلیے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء ) پاک بحریہ نے اپنے فضائی بیڑے کو مزید موثر بنانے کیلئے دو نئے ایلیویٹ ہیلی کاپٹرز فلیٹ میں شامل کرلیے ہیں۔ اس سلسلے کی ایک خصوصی تقریب نیول ایوی ایشن بیس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس حقیقت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کہ روٹری ونگ اثاثہ جات ساری دنیا میں سرچ اینڈ ریسکیواور تربیتی آپریشنز کا اہم جزو ہیں اور رہیں گے، ان ہیلی کاپٹرزمیں کمانڈ سے رابطے اور دیگر امدادی کارروائیوں کے لیے اضافی خصوصیات رکھی گئی ہیں۔

پاکستان نیوی نے ان ہیلی کاپٹرز میں مزید ایسی تبدیلیاں کی ہیں جن کی بدولت یہ اہم آپریشنل فنکشنز جیسے زمینی سیکیورٹی میں اضافے کے لیے مسلح ریکی اور دیگر میری ٹائم آپریشنز میں ممدو معاون ثابت ہوسکیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان نیول ایوی ایشن نے ایک طویل سفر طے کرتے ہوئے نیول فلیٹ کا ایک انتہائی مستحکم اور اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا حامل اہم حصہ بن چکی ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے خطے کی موجودہ سیاسی و جغرافیائی اور بحری صورتحال بہت نازک اور پیچیدہ ہے جو اس بات کی متقاضی ہے کہ پاک بحریہ روایتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے بھی بھر پور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ فضائی بیڑے کی اہمیت سے ہمیشہ آگاہ رہی ہے اور محدود وسائل کے باوجود جہازوں کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگی اور پرانے جہازوں کی تبدیلی ہمیشہ اس کی اولین ترجیحات میں شامل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کثیر المقاصد پلیٹ فارمز کی شمولیت سے فلیٹ کی مجموعی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے اور فضائی بیڑے کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے ممتاز ہوا بازوں ، سینیئر نیول آفیسرز، سی پی اوز/سیلرز، سول ملازمین اور مسلح افواج کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :