طاہرالقادری اور اس کے اتحادیوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، علامہ محمداحمدلدھیانوی

جمعہ 22 اگست 2014 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء)اہل سنت والجماعت پاکستان کے سربراہ علامہ محمداحمدلدھیانوی نے کہاہے کہ طاہرالقادری اور اس کے اتحادیوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ملک میں صرف نظام خلافت راشدہ  کاانقلاب آئے گا،عمران خان غیر سیاسی رویہ ترک کرکے عدالتوں سے انصاف مانگیں۔قوم کی بیٹیوں کو سڑکوں پرلانااور اسلامی تشخص کو پامال کرناشرمناک ہے۔

سیاسی دھرنے نائٹ کلب کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔شعائراسلام کا کھلے عام مذاق اڑایا جارہا ہے۔اھلسنت والجماعت نے سات ہزارلاشیں اٹھا کربھی ملک وقانون سے بغاوت نہیں کی۔ان خیالات کا اظہار طاہرالقادری کے ایرانی انقلاب اورملک میں انتشارپھیلانے والے عناصرکے خلاف بعد نمازجمعہ لال مسجد سے نکالی جانے والی دفاع اسلام واستحکام پاکستان ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاہرالقادری اوراسکے اتحادیوں کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ملک میں اسلام مخالف اور بیرونی طاقتوں کے ایماء پر آنے والے کسی بھی انقلاب کو قبول نہیں کریں گے۔پاکستان کے مقدر میں اگر کوئی انقلاب ہے تو وہ صرف اسلامی اور نظام خلافت راشدہ کا انقلاب ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اھلسنت والجماعت پاکستان علامہ مسعودالرحمن عثمانی ،جمیعت علماء اسلام اسلام آباد کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرؤف ،مولانا ادریس حقانی ،علامہ عبدالرزاق حیدری،مفتی تنویر عالم اوردیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔

علامہ محمداحمد لدھیانوی نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ ہم سات ہزارلاشیں اٹھاکر بھی قانون ہاتھ میں نہیں لیتے مگریہاں طاہرالقادری نے صرف چودہ لاشوں کے بہانے پورے ملک کو یرغمال بناکر اپنے ہی ملک کے خلاف بغاوت کردی ہے ۔ طاہر القادری کے بیانات صبح وشام کی طرح بدلتے ہیں جبکہ دوسری جانب عمران خان اپنی اٹھارہ سالہ سیاست پر پانی پھیر رہے ہیں،دونوں غیرجمہوری اور غیرسیاسی رویہ اختیارکرکے قوم کو ملکی سلامتی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسارہے ہیں ۔

علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ پاکستان آئین اورقانون سے چلے گا خوابوں سے نہیں ۔مجھے افسوس ہے کہ ریاست کی رٹ اورآئین کوچیلنج کرنے پر قانون حرکت میں نہیں آیا۔چاہیے یہ تھا کہ عمران خان سیاسی رویہ اپناتے اور اپنے رویے سے جمہوریت کو فروغ دیتے مگر افسوس کہ وہ جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ الیکشن میں سب سے بڑی دھاندلی میرے ساتھ ہوئی لیکن میں نے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور عدلیہ نے مجھے انصاف فراہم کیا ہے۔

انہوں نے دونوں لیڈروں کو مخاطب کرکے کہا کہ ملک وقوم پر رحم کریں اور وفاقی دارالحکومت کویرغمال نہ بنائیں ورنہ عوام آپ کی سیاست کو مسترد کردے گی۔ریلی میں موجود ہزاروں اہل سنت کارکنان نے قادری انقلاب اور بیرونی انقلاب نا منظور نامنظورکے نعرے لگاتے رہے۔ریلی میں جمعیت علماء اسلام (ف)،جمعیت علماء اسلام (س)،سنی علماء کونسل ،اتحاد العلماء ،مسلم سٹوڈنٹس اورسنی طلبہ اتحاد کے کارکنان ،سول سوسائٹی اوروکلاء برادری نے بھروپور شرکت کی۔ریلی کے اختتام پرملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں اور نظام خلافت راشدہ کے قیام کے لیے کوشاں رہنے کا بھرپورعزم ظاہر کیا گیا۔