Live Updates

اسلام آباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی،پشاور میں بھی تحریک انصاف کاعلامتی دھرناو احتجاج

جمعہ 22 اگست 2014 20:33

اسلام آباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی،پشاور میں بھی تحریک انصاف ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) اسلام آباد میں جاری تحریک انصاف کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے تحریک انصاف کے کارکنان نے پشاور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔جمعے کی شام انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر سجاد فیاض،سینئر نائب صدر وحید لالانائب صدر میاں نورمحمد اکاخیل،ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن میاں نورمحمد اور دیگرمقامی رہنماؤں کی قیادت میں پشاور پریس کلب کے باہر علامتی دھرنا دیا گیا اور حکومت کیخلاف احتجاج کیاجس میں تحریک انصاف کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی ۔

دھرنا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آج پشاورمیں دھرنا اسلام آباددھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے دیا گیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے واضح طور پرکہہ دیاہے کہ وزیرا عظم کا استعفیٰ لئے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے کارکنان اپنے قائد کی کال پرہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

رہنماؤں نے اسلام آباددھرنے کے علاقے سے کنٹینرز ہٹانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کسی قسم کی رکاوٹوں کوبرداشت نہیں کریگی اور کارکنا ن ہر صورت دھرنے میں شرکت کیلئے پہنچیں گے ۔انھوں نے کہا کہ جب تک وزیر اعظم مستعفی نہیں ہوتے ریڈ زون میں دھرنا جاری رہیگا۔اس موقع پر ہاتھوں میں تحریک انصاف کے جھنڈے اور پارٹی چیئرمین عمران خان کی تصاویراٹھائے کارکنان نے گونوازگوکے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفیٰ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات