Live Updates

عمران خان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل ہوگی نہ ہی وزیراعظم استعفیٰ دیں گے،مولانا فضل الرحمن

جمعہ 22 اگست 2014 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل ہوگی اور نہ ہی وزیراعظم استعفیٰ دیں گے خیبرپختونخواہ اسمبلی کی تحلیل کے خطرے کے پیش نظر عدم اعتمادکی تحریک پیش کی اگر ایسے اقدام کی کوشش کی گئی تو تمام جماعتیں مل کر حکومت بناسکتی ہیں دھرنے والے سیاسی طورپر تنہا ہوچکے ہیں ہم عوامی بیداری کی تحریک چلا رہے ہیں معاملات حل نہ ہوئے تو چوبیس گھنٹے میں لاکھوں لوگ اسلام آباد بلا سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان اپنی ساری زندگی طالبان سے مذاکرات کی بات کرتے رہے ہیں وہ طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں لیکن سیاسی طور پر مذاکرات کیلئے کیوں تیار نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ معاملات مذاکرات سے حل ہوں اور ہم ملک کو چند ہزارافراد کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے دھرنوں کی سیاست سے ملک کو نقصان ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے سیاستدانوں‘ سول سوسائٹی ‘ تاجروں اور وکلاء نے سول نافرمانی کے اعلان کو مسترد کردیا ہے دھرنوں والے عوامی سیاست میں اب تنہا ہوچکے ہیں اور باعزت راستے کی تلاش میں ہیں ہم ان کی عزت نفس کے مخالف نہیں اور انہیں باعزت راستہ دینے کیئے مذاکرات کے حامی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی بیداری کی تحریک شروع کردی ہے اگر معاملات مذاکرات کے ذریعے حل نہ ہوئے تو ہم چوبیس گھنٹے میں لاکھوں لوگ اسلام آباد لا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ عمران خان سمھجتے ہیں ان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل ہوجائے گیا ور وزیراعظم چلا جا ئیگا یہ بات وہ اپنے خواب و خیال سے نکال دیں ایسا ہر گز نہیں ہوگا اگر وزیراعظم چلے بھی گئے تو پھر کون آئے گا ا نہو ں نے کہا کہ ایمپائر کی انگلی اٹھانے کا اشارہ فوج کی طرف ہے لیکن ایک محلیمیں پانچ یا چھ ہزار لوگ جمع ہوجائیں تو ہماری مقتدر قوتیں اقتدار پر قبضے کا سوچ لیں اور حالات ایسے نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوری استحکام کی طرف آگے بڑھنا ہے خیبرپختونخواہ میں اسمبلی کی تحلیل کے خدشے کے پیش نظر تمام اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق کیاہے کہ اس کا راستہ روکا جائے اور اگر عمران خان نے اسمبلی کی تحلیل کی بات کی تو ہم وہاں سب مل کر حکومت بنائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات