کراچی ،ڈاکٹر عشرت العباد خان کا موجود صورتحال پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفون پر رابطہ

جمعہ 22 اگست 2014 19:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے موجود صورتحال پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے جمعہ کو ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں تعطل نئے مسائل کو جنم دے سکتا ہے لہذا فریقین کو بات چیت کے دروازے کھولنے ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احتجاج میں شریک افراد کا تحفظ حکومت اور احتجاج میں شریک رہنماؤں کی یکساں ذمہ داری ہے لہذا ان کی با حفاظت واپسی کے لئے حکمت اور سیاسی تدبر سے کام لینا ہوگا اکثر مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہو جاتا ہے لیکن فریقین کے اعتماد کو بحال کرکے اس ڈیڈ لاک کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مذاکرات کو اگر ملکی استحکام اور آئین کے تقدس سے منسلک کردیا جائے تو اچھے نتائج کا برآمد ہو نا یقینی بنتاہے حکومت پاکستان عوامی تحریک اورپاکستان تحریک انصاف کے دھرنے میں شامل پاکستانی شہریوں کے تحفظ اور بقا کو اولیت دیں تو معاملات آسانی سے حل ہو سکتے ہیں ۔