وزیراعلی خیبرپختونخوا کادورہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال

جمعہ 22 اگست 2014 19:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس جا کر وہاں گزشتہ رات طوفان میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی انہوں نے تمام زخمیوں اور انکے تیمار داروں کو یقین دلایا کہ علاج کی تمام بنیادی سہولیات کے علاوہ طوفان میں جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خاندان کی خاطر خواہ مالی امداد بھی کی جائے گی صوبائی وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی بھی انکے ہمراہ تھے اس موقع پر عام مریضوں اور انکے تیمار داروں نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیاجن کا انہیں مناسب ازالے کا یقین دلایا گیا کمپلیکس ہسپتال میں بعض مریضوں اور انکے تیمار داروں کی طرف سے ہسپتال کے طبی عملے کی طرف سے درشت اور ناشائستہ رویہ سے متعلق شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تمام طبی عملے کیلئے تحریری ضابطہ اخلاق مرتب کرے اور ان پر واضح کیا جائے کہ ہم سب عوام کے آقا نہیں بلکہ انکے خدمتگار ہیں اور عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہیں لیتے ہیں اسلئے حق نمک یہ ہے کہ ہم انکی دن رات انتھک خدمت کریں انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مریضوں سے ناشائستہ رویہ اپنانے والے عملے کے تبادلے کی بجائے انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کا طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ یہ دوسروں کیلئے بھی عبرت کا باعث بنے پرویز خٹک نے رنگ روڈ اور کوہاٹ روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر عمارات کی دیواریں اور درخت گرنے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا اور اس بارے میں حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں ہسپتالوں میں لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ انہیں پشاور و نواحی علاقوں میں ایک ہفتہ کے اندر دوسری مرتبہ شدید طوفان باد و باران میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر انتہائی دکھ پہنچا ہے اور اس ناگہانی قدرت آفت میں جاں بحق اور زخمی افراد کیلئے اسی وقت فوری طور پر معاوضے اور پشاور کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا جبکہ تمام ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران اور طبی عملے کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی اسی طرح انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی کو امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کا فرض سونپا جس پر عمل کرتے ہوئے مشتاق غنی نے ساری رات اعلیٰ حکام اور ہسپتالوں کی انتظامیہ سے رابطے اور متاثرہ علاقوں کے دورے کئے دریں اثناء قدرتی آفات پیکیج کے تحت وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے تین تین لاکھ روپے، زخمیوں کیلئے پچاس پچاس ہزار روپے جبکہ معذور ہو نے والوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے انہوں نے کمشنر پشاور کو متاثرہ خاندانوں کی جلد از جلد مالی امداد کا بندوبست کرنے اور اسکی فوری ادائیگی کی ہدایت کی اسی طرح انہوں نے ڈویژنل و ضلعی دفاتر میں بھی تمام انتظامی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر حاضر کرکے طوفانی اثرات کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں ریلیف ٹیمیں بھیجنے اور زخمیوں کے علاج پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت کی انہوں نے شدید بارشو ں کی وجہ سے عمارات کی دیواریں اور چھتیں گرنے اور ان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ و افسوس کا اظہار کیا وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی پرویز خٹک نے عوامی شکایات کے پیش نظر شہر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا حکام کو بجلی نظام سائنسی بنیادوں پر درست کرنے اور عوامی مشکلات کے جلد ازالے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ پشاور میں طوفان کی وجہ سے دوسری بار بجلی کا مکمل بریک ڈاؤن تشویشناک بات ہے اور اسکا سدباب ہونا چاہے انہوں نے رہائشی علاقوں کے علاوہ ہسپتالوں اور طبی مراکز کو بجلی سپلائی کی بحالی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :