قوم افراتفری پھیلانے والوں کو نظر انداز کردے ،ممنون حسین

جمعہ 22 اگست 2014 19:07

قوم افراتفری پھیلانے والوں کو نظر انداز کردے ،ممنون حسین

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قوم افراتفری پھیلانے والوں کو نظر انداز کردے آپس کی چھوٹی چھوٹی رنجشوں کی وجہ سے قومی ترقی کا عمل نہ روکا جائے ۔وہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے صدرکوادارے کے مینڈیٹ ، امورکار، کامیابیوں اورمختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیرمملکت برائے تعلیم وتربیت انجینئر بلیغ الرحمان، سیکرٹری تعلیم وتربیت محمد احسن راجہ ، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم وتربیت ڈاکٹر اللہ بخش مالک اور ڈائریکٹر جنرل این سی ایچ ڈی نے شرکت کی۔صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اورقوم کو چاہیے کہ وہ افراتفری پھیلانے والوں کو نظراندازکردے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ آپس کی چھوٹی چھوٹی رنجشوں کی وجہ سے قومی ترقی کا عمل نہ روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مخلص دوستوں کے تعاون سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا عمل شروع ہوچکاہے اوراگر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کا یہ موقع ضائع ہوگیا تو پاکستان کا سنبھلنا مشکل ہوجائے گا۔صدر نے کہاکہ عالمی برادری سمجھتی ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت ملک کو ترقی اور استحکام کی طرف لے جائے گی۔ صدر ممنون حسین کو این سی ایچ ڈی کی سالانہ رپورٹ2013ء بھی پیش کی گئی جس میں سال 2013ء کے دوران مختلف سرگرمیوں ، منصوبہ جات اور کامیابیوں کوا جاگرکیا گیا۔ صدرنے وزارت تعلیم، تربیت اوراعلیٰ تعلیم میں معیارات اور این سی ایچ ڈی کو خواندگی میں اضافے اور تعلیم کے فروغ کیلئے کوششوں میں ہرممکنہ حمایت اورسرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :