رانا مشہود کی مبینہ ویڈیو کلپ کا جائزہ لینے کیلئے راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں قائم کمیشن مقررہ مدت گزرنے کے باوجود رپورٹ مرتب نہ کر سکا

جمعہ 22 اگست 2014 18:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء)پنجاب کے وزیر قانون رانا مشہود کی مبینہ ویڈیو کلپ کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹر راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں بنایا گیا تین رکنی کمیشن مقررہ مدت گزرنے کے باوجود رپورٹ مرتب نہ کر سکا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر قانون رانا مشہود کی ایک مبینہ ویڈیو کلپ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی تھی جس میں وہ کچھ افراد سے مبینہ ڈیل کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد اشفاق سرور نے صوبائی وزیررانا مشہود احمد خان کی مبینہ ویڈیو کلپ کا جائزہ لینے اور اس ضمن میں سفارشات پیش کرنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں سینیٹر محمد رفیق رجوانہ اور بیگم ذکیہ شاہنواز پر مشتمل تین رکنی کمیشن تشکیل دیا تھا جس نے مبینہ ویڈیو کے بارے میں7روز میں رپورٹ پیش کرنا تھی تاہم یہ کمیشن مقررہ وقت میں اپنی رپورٹ پیش نہیں کر سکا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ” اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء “ نے کمیشن کے کنوینر سینیٹر راجہ ظفر الحق سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سیاسی صورتحال اور سینیٹ کے اجلاس کی وجہ سے ابھی اس پر پیشرفت نہیں ہو سکی ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کمیشن کب تک اپنی رپورٹ تیار کر لے گا تو انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا۔