سیاسی یتیم اسلام آباد میں ایک ہفتے سے شام غریباں منا رہے ہیں،سلسلہ جلد ختم ہونے والا ہے، مولانا فضل الرحمن

جمعہ 22 اگست 2014 18:50

سیاسی یتیم اسلام آباد میں ایک ہفتے سے شام غریباں منا رہے ہیں،سلسلہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ سیاسی یتیم اسلام آباد میں ایک ہفتے سے شام غریباں منا رہے ہیں  دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کا کھیل جلد ختم ہونے والا ہے۔جمعہ کو صحافیوں سے غیررسمی بات چیت میں مولا نافضل الرحمان نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیاں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، دھرنے دینے والے اخوان المسلمین ہیں نہ وزیراعظم نواز شریف حسنی مبارک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھرنوں سے پیدا شدہ حالات سے تیسری قوت فائدہ نہیں اٹھائیگی۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ طاہرالقادری کیخلاف بھی مقدمات ہیں،شہباز شریف کی گرفتاری کی بات کرنے والے طاہرالقادری کو بھی گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انتظامی اور سیاسی معاملات کی حدود کے تعین کیلئے از سرنو قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ وزیراعلیٰ کے پی کے کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں تعطل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے بھارتی حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی تا کہ بات چیت کا عمل مثبت طریقے سے آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی 27 مئی کی ملاقات کے بعد مثبت اشارے ملے تھے تاہم دونوں ممالک کے درمیان ہونیوالے مذاکرات میں تعطل نے امن کی امیدوں کو سخت دھچکا پہنچایا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ بھارتی دانشوروں نے بھی وزیراعظم نریندرا مودی کی منفی سوچ سے اختلاف کیا بھارت کو مظلوم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا احترام کرنا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہیے۔