حکومت کا صوبہ بھر میں خستہ حال تھانوں کو ماڈل تھانوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

جمعہ 22 اگست 2014 16:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) حکومت کا صوبہ بھر میں خستہ حال تھانوں کو ماڈل تھانوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ‘ اس ضمن میں حکومت پنجاب نے خستہ حال تھانوں کے سروے اور فزیبلٹی رپورٹ کے علاوہ صوبہ بھر کے ڈی آئی جی صاحبان سے خستہ حال عمارتوں میں قائم تھانوں کے کوائف بھی طلب کرلئے ہیں پولیس ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں ایسے تھانے جن کی عمارتیں خستہ حال ہیں جس سے انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں حکومت نے ان تھانوں کو ماڈل تھانوں میں تبدیل کرنے کیلئے سروے کروانا شروع کردیا ہے اس کے علاوہ کرائے کی عمارتوں میں تھانے قائم ہونے کی وجہ سے حکومت کو ہر سال کروڑوں روپے کرایوں کی مد میں بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی کمیٹی نے ایسے تمام تھانوں کا سروے بھی شروع کر دیا ہے جس کی رپورٹ حکومت پنجاب کو 15 دن کے اندر فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کی روشنی میں ان تھانوں کو ماڈل تھانوں سمیت باوقار عمارتوں میں منتقل کرنے کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں گے۔