فلسطین اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر استعماری طاقتوں نے ظلم کی انتہاکردی ،عبدالرشید ترابی

جمعہ 22 اگست 2014 12:46

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) امیرجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر اورکنونےئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ فلسطین اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر استعماری طاقتوں نے ظلم کی انتہاکردی جبکہ امت مسلمہ کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں لگایاگیا سیاسی سرکس امت کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی ایک منظم کوشش ہے۔

احتجاج کرنے والی جماعتوں نے ہوش مندی اور سنجیدگی کامظاہرہ نہ کیا تو وہ خود قوم کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوجائیں گی۔جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل، اسلامی نظام کے نفاذ کے ساتھ ساتھ فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہمیشہ بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور استعماری طاقتوں سے مکمل آزادی تک یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سادات میرج ہال کوٹلی میں جماعت اسلامی ضلع کوٹلی کے زیراہتمام منعقد ہونے والی عظیم الشان ”یکجہتی فلسطین و کشمیر کانفرنس“ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی راہنما اور سابق سینئر وزیر ملک محمدنواز خان، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ، میزبان و امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، سابق امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی حبیب الرحمن آفاقی، سٹیج سیکرٹری راجہ رضوان گلزار، سلیمان بٹ، مولانا فیض الرحمن، حافظ محمد ادریس راہنما جماعت الدعوة اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں کسی بھی ماورائے آئین اقدام کے خلاف ہیں ۔ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کامرکز ہے۔قومی قیادت سیاسی مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرتے ہوئے فلسطینیوں اورکشمیریوں کے حق میں جرأت مندانہ کردار ادا کرے۔ غزہ میں اسرائیل نے درندگی کی انتہا کر دی ہے جس پر پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔

جماعت اسلامی قبلہ اوّل کی آزادی تک فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی۔کشمیری خود مظلوم ہونے کی حیثیت سے فلسطینی بھائیوں کے دکھ اور کرب کو سمجھتے ہیں۔ سابق سینئر وزیر ملک محمد نواز نے کہاکہ پاکستان میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ کشمیریوں کی حقیقی پشتبانی کی اورکشمیر کے مسئلے کو زندہ رکھا۔ پاکستان میں اس وقت جوکچھ ہورہاہے یہ کشمیریوں کے لیے سخت مایوسی کا سبب بن رہاہے۔خدارا سیاسی قائدین قوم پر رحم کریں ۔ امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہفتہ یکجہتی فلسطین و کشمیرمناکر خطے کے عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :