موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعہ اور آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کیا جائے، آصف علی زرداری

جمعرات 21 اگست 2014 20:34

موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعہ اور آئین کے دائرہ کار میں رہتے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ اگر موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے کوئی غیر آئینی راستہ اختیار کیا گیا تو وہ نہ صرف جمہوریت بلکہ ریاست کے استحکام کے لیے بھی خطرناک ہو گا ۔ پیپلز پارٹی نے انتخابی اصلاحات کے عمل کو وسیع تر مشاورت اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

دبئی میں ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماوٴں کے اجلاس کے بارے میں بلاول ہاوٴس سے جمعرات کو باقاعدہ ایک پریس ریلیز جاری کیا گیا ۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں پارٹی کے سینئر رہنماوٴں سے ملاقات کی اور پاکستان کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے اپنے اس موٴقف کا اعادہ کیا کہ موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعہ اور آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کیا جائے ۔ پارٹی کے رہنماوٴں نے حکومت کی طرف سے کوتاہ نظری اور زیادتی پر مبنی ہتھکنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقین سے کہا کہ وہ دارالخلافہ اور ملک کے حالات مزید خراب کیے بغیر تمام امور طے کریں ۔

اجلاس کے شرکاء نے 17 جون 2014ء کو ماڈل ٹاوٴن لاہور میں بے گناہ لوگوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے ۔ انہوں نے اس رائے کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ صورت حال کو حل کرنے کے لیے کوئی غیر آئینی راستہ اختیار کیا گیا تو یہ پاکستان میں جمہوریت اور ریاست کے استحکام کے لیے خطرناک ہو گا ۔

پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت شمالی وزیرستان میں بے گھر ہونے والے لاکھوں لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے اپنے آپ کو اور ملک کو ایک ایسے جھگڑے میں الجھا دیا ہے ، جس سے گریز ممکن تھا ۔ آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف اگلے محاذوں پر لڑنے والے بہادر افسروں اور جوانوں کی خدمات اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ملک دہشت گردی کی اس لعنت سے جلد نجات پا لے گا ۔

خطے اور مشرق وسطیٰ میں رونما ہوتی ہوئی کثیر الجہتی تبدیلیوں کے تناظر میں آصف علی زرداری نے مسلم دنیا کے بعض ملکوں میں عدم استحکام اور عدم یکجہتی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بدلتی ہوئی صورت حال میں مسلم امہ کا فوری اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اجلاس میں شریک پارٹی رہنماوٴں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات کے عمل کو وسیع تر مشاورت کے ذریعہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کرے ۔

آصف علی زرداری نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کی پارٹی اور جمہوریت کے لیے خدمات اور قربانیوں کو سراہا ۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ یوسف رضا گیلانی اور شہید سلیمان تاثیر کے صاحبزادوں کو فوراً بازیاب کرایا جائے ۔ پارٹی رہنماوٴ ں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور بے شمار پارٹی ورکرز کی قربانیوں پر بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا ، جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی شمع روشن رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں ۔ پارٹی رہنماوٴں نے بلاول بھٹو زرداری کی بہترین قیادت اور آصف علی زرداری کی اسٹیٹس مین شپ پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پارٹی اور قوم کی رہنمائی کی اور بہت مشکل فیصلے کیے ۔

متعلقہ عنوان :