فوج نے وزیراعظم کو 48گھنٹے الٹی میٹم دیدیا ہے ،چوہدری شجاعت کا دعویٰ

جمعرات 21 اگست 2014 19:30

فوج نے وزیراعظم کو 48گھنٹے الٹی میٹم دیدیا ہے ،چوہدری شجاعت کا دعویٰ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج وزیراعظم نواز شریف کیخلاف ہے اور فوج نے وزیراعظم کو 48گھنٹے الٹی میٹم دیدیا ہے جبکہ قومی حکومت کی تشکیل کیلئے ریفرنڈم کرانے پر غور بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔جمعرات کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ ریفرنڈم کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف 99 ء والی سیاست دہرا رہے ہیں ان کی ہمیشہ فوج سے مخالفت رہی ہے یہ ہمیشہ فوج سے اچھے تعلقات کی صفائیاں دیتے ہیں لیکن اندر سے فوج کے ساتھ مخاصمت رکھتے ہیں اور انہوں نے فوج کیخلاف کئی محاذ کھول رکھے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج نواز شریف کیخلاف ہے فوج نے کسی دھرنے والی جماعت کو نہیں بلکہ وزیراعظم کو اڑتالیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ماڈل ٹاؤن واقعہ کا مقدمہ شریف برادران اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف درج کرکے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں تحلیل کی جائیں اور نگران حکومت قائم کی جائے جب تک وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھیل نہیں ہونگی دھرنے جاری رہیں گے سیاسی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے آئینی حل تیار کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین کہیں نہیں جار ہے اور یہ دھرنا وزیراعظم کے استعفیٰ تک جاری رہے گا۔۔