ایس ایم ایز کے قرضوں کی ریکوری میں ڈیفالٹ کی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہی ؛ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بنک ثمر حسنین

جمعرات 21 اگست 2014 18:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے قرضوں کے حصول کا رجحان فروغ پارہا ہے،ایس ایم ایز کے قرضوں کی ریکوری میں ڈیفالٹ کی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہی ہے۔ یہ بات اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایم ایز ثمر حسنین نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں شیمراک کانفرنسز کے زیر اہتمام پاکستان ایس ایم ای فورم 2014 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان گزشتہ دو سال سے ایس ایم ایز کی جانب سے بینکوں سے قرضوں کے حصول کے ٹرینڈ کا بغور معائنہ کررہا ہے جس میں ایس ایم ایز کی مالیاتی کارکردگی کے ساتھ قرضوں کے حصول کے رجحان میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ ایس ایم ایز اس اہم شعبے کو مالی سپورٹ فراہم کریں یہ شعبہ اچھے ریٹرنز کے ساتھ ڈیفالٹ ریشو کے لحاظ سے بھی محفوظ اور سود مند ہے۔

(جاری ہے)

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے یونین آف اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے صدر اور سمیڈا کے ڈائریکٹر ذوالفقار تھیور نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر ملک کی معاشی ترقی کی ڈرائیونگ فورس ہے جس کی ترقی اور استحکام کیلیے کریڈٹ گارنٹی، ایس ایم ایز کیلیے مخصوص ایکسپورٹ ہاؤس، مارکیٹنگ اور تکنیکی سپورٹ سمیت ٹیکسوں میں چھوٹ کی سہولت ناگزیر ہے۔

انہوں نے ایس ایم ایز کیلیے علیحدہ ایکسپورٹ پروموشن بیورو، انجیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ اور محتسب کا ادارہ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سمیڈا کے سی ای او محمد عالمگیر چوہدری نے کہا کہ ملک میں 90 فیصد ورک فورس ایس ایم ایز سے وابستہ ہے حکومت ایس ایم ایز کی اہمیت کے پیش نظر بھرپور سپورٹ فراہم کر رہی ہے اور سمیڈا نے بھی ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری پیداوار اور مسابقت کی قابلیت بڑھانے کیلیے متعدد سہولتوں پر مشتمل پروگرام متعارف کرایا ہے۔

ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے ڈائریکٹر انجم نثار نے کہا کہ ملک میں توانائی کا بحران اور امن و امان کے مسائل ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہیں۔انہوں نے ایس ایم ایز کی رہنمائی اور معاونت کے لیے کراچی چیمبر میں سمیڈا ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ فورم سے برطانیہ کے ای کامرس اسپیشلسٹ سلمان مرچنٹ نے خطاب میں کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی اور چھوٹے درجے کے کاروبار کیلیے ای کامرس انتہائی سود مند ہے۔

متعلقہ عنوان :