امریکہ نے کابل کی باگرام جیل سے مزید 9پاکستانی قیدی رہا کردیئے

جمعرات 21 اگست 2014 18:46

امریکہ نے کابل کی باگرام جیل سے مزید 9پاکستانی قیدی رہا کردیئے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) کابل میں امریکہ کے زیراہتمام باگرام جیل میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے کوشاں وکلاء کی تنظیم جسٹس پروجیکٹ پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے مزید 9قیدی رہا کرکے پاکستان کے حوالے کردیئے ہیں۔جسٹس پروجیکٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق ان کی کوششوں سے اب تک 25پاکستانیوں کی باگرام جیل سے رہائی ممکن ہوئی ہے جبکہ اب بھی 15پاکستانی امریکہ کی غیرقانونی قید میں ہیں جن کی رہائی کے لئے ان کی قانونی جنگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ جسٹس پروجیکٹ پاکستان نے باگرام میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کررکھی ہے تاکہ ان کی رہائی کے لئے حکومت پر دباوٴ ڈالا جاسکے اور وہ اب تک اس کوشش میں کام یاب رہے ہیں جس میں لاہور ہائی کورٹ نے ان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے پورا ساتھ دیا ہے۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ باگرام میں قید پاکستانیوں کو بغیر کسی جرم اور عدالتی کارروائی کے پابند سلاسل رکھا جارہاہے جس کے لئے حکومت پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :