Live Updates

عمران خان نے پاکستان بھر میں حکومت کے خلاف مظاہروں کی کال دیدی

جمعرات 21 اگست 2014 18:35

عمران خان نے پاکستان بھر میں حکومت کے خلاف مظاہروں کی کال دیدی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستان بھر میں حکومت کے خلاف مظاہروں کی کال دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سول نافرمانی پر قائم رہیں اور حکومت کو کسی قسم کا ٹیکس اور بل نہ دیں۔وزارت داخلہ نے آفتاب چیمہ کو تحریک انصاف کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے پر ہٹایا ہے اور نئے آئی جی کو تحریک انصاف کے خلاف طاقت کے استعمال کے لئے لایا گیا ہے مگر آئی جی اسلام آباد پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر تحریک انصاف کا کوئی ایک کارکن بھی زخمی ہوا تو اسے پاکستان بھر میں کہیں نہیں چھوڑیں گے۔

جمعرات کے روز تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم بننے سے کسی کو عزت نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

کتنے وزیرا عظم آئے چلے گئے لوگ انہیں گالیاں دیتے ہیں مگر عمران خان کو صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں عزت دی جاتی ہے۔ اور ان کے پاس وہ سب کچھ ہے جس کے لئے حکمران اپنا ضمیر بیچ دیتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سیاست کا محور عوام اور عوامی خدمت ہے اور ان کا سب کچھ پاکستان میں ہے ۔

سات روز کے دھرنے کے دوران ابھی تک کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی قدم نہیں اٹھایا ۔عمران خان نے الزام عائد کیا کہ آفتاب چیمہ کو تحریک انصاف کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے پر ہٹایا گیا ہے ۔ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک نیا آئی جی اسلام آباد لایا گیا ہے جس کا مقصد تحریک انصاف کی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ان پر طاقت کا استعمال کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کیا تو اس سخت ردعمل سامنے آئے گا اور اگر تحریک انصاف کا کوئی ایک کارکن بھی زخمی ہوا تو اس آئی جی اسلام آباد پاکستان کے کسی کونے میں نہیں چھپنے دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کسی کھڈمیں چھپے بیٹھے ہیں مگر عمران خان ان کی طرح چھپنے کی بجائے عوام کا سامنا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ اپنے مذاکرات معطل کر دیئے ہیں کیونکہ تحریک انصاف کے مطالبات کا پہلا نقطہ ہی نواز شریف کااستعفیٰ ہے جسے حکومت ماننے کو تیار نہیں مگر قوم مجھے بتائے ایسے شخص کی موجودگی میں ہمیں کیسے انصاف مل سکتا ہے جو خود تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کرا کے آگے آیا ہے اور اس کی مثال اسی طرح ہے کہ کسی قاتل کو قتل کے مقدمے کا انکوائری افسر مقرر کر دیا جائے۔

انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی طرف سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی راہ میں کھڑی کی گئی رکاوٹوں کا نوٹس لیں اگر ججز کو سپریم کورٹ جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو تحریک انصاف کے ٹائیگر خود انہیں سپریم کورٹ پہنچائیں گے ۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں سول نافرمانی کی تحریک کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام سے موجودہ حکومت کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کی اپیل کی ہے اور اس کی باقاعدہ کال دے دی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :