کسی قسم کا غیر قانونی اور غیر آئینی قدم اُٹھا یا گیا تو اے این پی سب سے پہلے اس کے خلاف بھر پور کر دار ادا کرئے گی ، اسفند یار ولی خان

جمعرات 21 اگست 2014 16:41

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور ممتاز سیاستدان اسفند یار ولی خان نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ اگر اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے کسی قسم کا غیر قانونی اور غیر آئینی قدم اُٹھا یا گیا تو اے این پی سب سے پہلے اس کے خلاف بھر پور کر دار ادا کرئے گی ۔ عمران خان اور طاہر القادری پانچ سال تک انتظار کریں کیونکہ پاکستان کے عوام نے پانچ سال کے لئے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے اس لئے پانچ سال تک حکومت کر نا میاں نواز شریف کا آئینی اور قانونی حق ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز حاجی گل زمین شاہ کے حجرہ میں اے این پی ضلع صوابی کے صدر حاجی رحمن اللہ خان کی صدارت میں ایک تاریخی ورکرز کنونشن میں خطاب کے دوران کیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں نے کثیر تعداد میں اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ورکرز کنونشن سے صوبائی صدر و سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہو تی کے علاوہ مرکزی وصوبائی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین ، صوبائی ترجمان سر دار حسین بابک اور ضلعی صدر حاجی رحمن اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اسفند یار ولی خان نے کہا کہ اگر آزادی اور انقلاب مارچ کے دوران جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا گیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری عمران خان اور طاہر القادری پر ہو گی۔ہزاروں لو گوں کو اکٹھا کر کے زبر دستی وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنا نہایت شرم کی بات ہے جب کہ یہ لوگ پنجاب ، سندھ اور بلو چستان میں میاں نواز شریف پر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں لیکن پختونخوا جہاں سب سے زیادہ دھاندلی ہوئی ہے عمران خان اور طاہر القادری اس کا نام نہیں لے رہے ہیں کیونکہ یہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے سے قبل عمران اور قادری الگ الگ جلسے کر رہے تھے لیکن اسلام آباد پارلیمنٹ جانے کے لئے دونوں اکٹھے ہو گئے دونوں کے عزائم اور مقاصد ایک ہے جب کہ دھرنوں میں مرد و خواتین کا ایک ساتھ ناچنا قابل آفسوس اور شرم کی بات ہے انہوں نے کہا کہ آج پختون قوم کی تاریخ میں ایک بد ترین دن اسلام آباد میں تحریک انصاف کا دھرنا تھاجہاں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سٹیج پر ڈانس کر رہا تھا جب کہ اسی دن پشاور میں بادو باران سے آٹھارہ افراد جاں بحق جب کہ 80زخمی ہو ئے تھے ان کے جنازے نکل رہے تھے جو کہ انتہائی قابل آفسوس اور شرم کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران طاہر قادری کا ملک میں مارشلاء کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ ہر رکن اسمبلی کے پاس ہزاروں کارکن اور ووٹرز ہے اگر تمام ممبران اسمبلی سپورٹروں کے ساتھ نکل گئے تو قادری اور عمران کو انجام تک پہنچا ئیں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے وزیر ستان کے آئی ڈی پیز سے متعلق جو کر دار ادا کیا یہ آج تحریک انصاف کے نئے پاکستان میں متاثرین کے ساتھ کھلا مذاق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ائیر پورٹ کا نام باچا خان بابا کے فلسفے کو عملی جامہ پہنا کر باچا خان ائیر پورٹ رکھ لیا ہے اس لئے کوئی مائی کا لعل باچا خان ائیر پورٹ کا نام تبدیل نہیں کر سکتا ہے اور ہم اس کے لئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ ہم اے این پی کو ماضی والا مقام دینگے اور نئے پاکستان بنانے والوں کو نکال دینگے عمران خان کا کام کرکٹ میچ کھیلنا ہے سیاست نہیں یہ لانگ مارچ نہیں بلکہ ایک شرمناک تماشا ہے عمران خان کے مطالبات میں آئی ڈی پیز اور آپریشن کا ذکر تک نہیں ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔

جب کہ عمران اور قادری نئے آئین کا مطالبہ کر رہے ہیں اگر خدا نخوا ستہ 1973کے آئین کو چھیڑا گیا تو پھر پاکستان کا خدا حافظ انہوں نے اعلان کیا کہ کوئی مائی کا لعل آئین پاکستان کو یر غمال نہیں کر سکے گا موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرئے گی اورکسی کا میاں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کی کر سی زبر دستی چھیننے کا خواب ہر گز پورا نہیں ہو گا ۔ یہ ایک خواب ہے اور خواب ہی رہے گا اگر عمران اور قادری کا یہ خیال ہو کہ فوج آکر قیادت سنبھالے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہو گی انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پُرانے اور مخلص کارکنوں کو راضی کر کے پارٹی میں واپس لائینگے نوجوان نسل اپنے حقوق کے لئے اے این پی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں