کسی بھی جمہوری معاشرے میں سیاسی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاتا ہے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 21 اگست 2014 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لئے جدوجہد کررہی ہے جبکہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادتیں دھرنوں اور مارچوں کے ذریعے جمہوریت کو سبوتاژ کرنے اور ملک کی معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے لاحاصل دھرنوں نے ملک کی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے اور دنیا بھی ملک کی رسوائی اور بدنامی کا سبب بنے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں حویلیاں سے آئے ہوئے عمائدین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ نواز شریف کو عوام کی منتخب کردہ پارلیمنٹ نے وزیر اعظم منتخب کیا ہے اور انہیں پارلیمنٹ کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

ان سے سڑکوں پر کھڑے ہو کر استعفی کا مطالبہ کرنا سراسر غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آئے اور مجوزہ آئینی طریقہ کار کے تحت اپنا شوق پورا کرے ۔ڈپٹی سپیکر نے وفد کے شرکاء کو حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے غربت ،جہالت اور بے روز گاری کے خاتمے اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے