حکمرانوں کو ایک ایک لاش کا حساب دینا ہوگا ، خون کا بدلہ لینگے ،طاہر القادری

جمعرات 21 اگست 2014 16:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ایک ایک لاش کا حساب دینا ہوگا ، خون کا بدلہ لینگے ،ہماری طرف سے ابھی تک ایک پتھر تک نہیں پھینکا گیا ، حکومت اوچھتے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ،اگر آئی جی اسلام آباد کو گولی نہ چلانے کی پاداش میں ہٹایا گیا تو ، اگر حکومت گولی چلانا چاہتی ہے تو پہلے میری سینے پر چلائے ، پارلیمنٹ میں بیٹھے اراکین اسمبلی بزدل ہیں انہیں چاہیے چوڑیاں پہن لیں ، معلوم ہوا ہے کہ ہمارے پانی میں ایسی دوائیاں ملا دی گئی ہیں تاکہ کارکنوں کے پیٹ خراب ہو جائیں ، متعدد کارکنوں کو فوڈ پوائزننگ کی شکایات ہوگئی ہیں ،خدا حکمرانوں کے ظلم اور آمریت کو برباد کرے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کی سہ پہر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دیئے گئے انقلابی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی معلوم ہوا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کو ہٹا دیا گیا ہے ایسا لگتا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کو گولی نہ چلانے کی پاداش میں ہٹایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ہمارے کارکنوں کو جو پانی بھجوایا گیا ہے اس میں ایسی دوائیاں ملا دی گئی ہیں جس سے کارکنوں کو پیٹ کی بیماریاں لاحق ہوگئی ہیں اور متعدد کارکن فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کارکنوں کو ابھی تک سرکاری عمارتوں میں گھسنے سے روکا ہوا ہے اگر ان کی طبعیت زیادہ خراب ہوگئی تھی تو انہیں روکنا مشکل ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صبروتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں ابھی تک ہمارے کارکنوں کی طرف سے ایک پتھر بھی نہیں پھینکا گیا لیکن حکومت کے ارادے خطرناک ہیں وہ ہمارے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے گولی چلانی ہے تو پہلے میرے سینے پر گولی چلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے کارکنوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمودقریشی پر حملہ کیا اور اوچھتے ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارا محاصرہ کررکھا ہے اور ہماری کسی خوراک کی گاڑی کو اندر جانے نہیں دیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میری خدا سے دعا ہے کہ خدا حکمرانوں کے ظلم اور آمریت کو برباد کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین اور قانون ان حکمرانوں سے بدلہ لے گا ۔ طاہر القادری نے کارکنوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان جمے رہیں صبر کا دامن تھامے رہیں اور مجھے چھوڑ کر نہ جائیں لیکن کوئی جانا چاہتا ہے تو بے شک چلا جائے اس کے حصے کی گولی میں کھاؤں گا ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں بیٹھے تمام اراکین بزدل ہیں میں پارلیمنٹ لاجز میں بیٹھے اراکین کو کہتا ہوں کہ ہاتھوں میں چوڑیاں پہن لو کیونکہ تم عوام سے ڈررہے ہو جبکہ ہم اپنی ماؤں ، بہنوں ، بچوں کی حفاظت کیلئے کھلے میدان میں کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ لاجز کا کمرہ جوتے کی نوک پر مارا اور قومی اسمبلی کی نشست کو لاٹ مار کر ٹھکرادیا کیونکہ جس ایوان میں عوام کی بات نہ سنی جاتی ہو اس ایوان میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 65سالوں سے عوام پر ظلم روا رکھا جارہا ہے عوام کے حقوق کی خاطر جام شہادت نوش کرونگا کیونکہ مجھے شہادت سے پیار ہے

متعلقہ عنوان :