”کیا کسی تیسری قوت کے اشارہ کا انتظار ہے؟“

جمعرات 21 اگست 2014 16:05

”کیا کسی تیسری قوت کے اشارہ کا انتظار ہے؟“

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے جمعرات کو قومی اسمبلی سے خطاب کا پروگرام اچانک ملتوی کر دیا،امکان ہے کہ کل جمعہ کو وہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے خطاب کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔وزیراعظم کے اچانک خطاب ملتوی کرنے پر بعض ارکان یہ کہتے ہوئے سنے گئے کہ لگتا ہے کہ وزیراعظم کسی تیسری قوت کے اشارے کے منتظر ہیں جس کے بعد وہ خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز جب وزیراعظم کے قومی اسمبلی سے متوقع خطاب کا اعلان ہوا تواس خطاب کی کوریج کیلئے ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے متحرک ہوگئے تاہم جب خطاب نہ ہوا تو اجلاس کے اختتام پرارکان پارلیمنٹ میں بحث چھڑ گئی اور بڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اکٹھے ہوگئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور طارق فضل چوہدری خواتین ارکان اسمبلی نے گھیر لیا اور بلند آواز میں گفتگو شروع کردی۔ خواتین اراکین اسمبلی کہہ رہی تھیں کہ کیا وزیراعظم تیسری قوت کے اشارے کے منتظر ہیں‘ اسمبلی سے خطاب کیوں نہیں کیا جبکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ آج وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے خطاب کے بعد قومی اسمبلی میں خطاب کریں گے