پہلے وزیر اعظم استعفیٰ دیں پھر مذاکرات ہونگے ، تحریک کا انصاف فیصلہ

بدھ 20 اگست 2014 19:11

پہلے وزیر اعظم استعفیٰ دیں پھر مذاکرات ہونگے ، تحریک کا انصاف فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں تاہم اس کے لئے ہماری پہلی شرط وزیراعظم کا مستعفی ہونا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کااجلاس بنی گالا میں ہوا جس میں آزادی مارچ کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی لوگ مذاکرات کرتے ہیں، بامعنی مذاکرات کے لئے ہم کل بھی تیار تھے اور آج بھی تیار ہیں تاہم حکومت اور اس کے کچھ نمائندے اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے 6 مطالبات مرتب کئے ہیں، حکومت سے جب بھی مذاکرات ہوئے ان ہی 6 مطالبات پربات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی پہلی شرط وزیراعظم کا استعفیٰ ہے لہذا ان کے استعفے کے بعد ہی مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف کی کسی ادارے پر دھاوا بولنے کی پالیسی نہیں، اداروں کا احترام ہر پاکستانی کا فرض ہے، وہ تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں وہ جہاں کہیں بھی ہیں وہیں رہیں اور کسی صورت وزیراعظم ہاوٴس میں داخل نہ ہوں۔ اس کے علاوہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے بھی رابطہ کرکے درخواست کریں گے کہ وہ اپنے کارکنوں کو صبرکی تلقین کریں۔

متعلقہ عنوان :