اس وقت پختون قوم تاریخ کے ایک نازک اور مشکل دور سے گزر رہی ہے،شیرپاؤ

بدھ 20 اگست 2014 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء)قومی وطن پارٹی کے چےئرمین اور ملی رہبر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پختون قوم تاریخ کے ایک نازک اور مشکل دور سے گزر رہی ہے کیونکہ ملکی سیاست کے موجودہ بحران میں سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ نے پختون قوم کے مسائل جو اس وقت نہ صرف ملکی اور بین الاقوامی اہمیت رکھتے ہیں کو پس پشت ڈال دیا ہے بلکہ پختون قوم آج جن مشکلات میں گری ہوئی ہے کو یکسر نظر انداز کیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ تمام پختون لیڈر شپ کے ساتھ رابطہ کرکے ان کو پختون قوم کو درپیش مسائل کے ادراک اور ان کے حل کیلئے متحد کرکے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے اور ایک مشترکہ ایجنڈا تشکیل دیا جائے ۔

اس سلسلے میں پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جسٹس ریٹائرڈ شاہ جھان خان کی سربراہی میں ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی جو سابقہ سینیٹرز شجاع الملک خان اورحاجی غفران کے علاوہ ہاشم بابر،اسد آفریدی اور کفایت علی ایڈووکیٹ پر مشتمل ہے کو صوبے کے تمام پختون لیڈر شپ سے رابطہ کرنے اور مشترکہ ایجنڈا ترتیب دینے کا ٹاسک حوالہ کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی پہلے مرحلے میں صوبے کے سیاسی اور قوم پرست لیڈر شپ سے رابطہ کرے گی اور دوسرے مرحلے صوبہ میں موجود دیگر سیاسی پارٹیوں ،سول سوسائٹی کے تنظیموں اورمختلف مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے لوگوں سے رابطہ کرکے ایک مشترکہ ایجنڈا ترتیب دے گی اور اس پر عملی اقدامات اٹھانے کیلئے لائحہ عمل کا تعین کرے گی۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ فوراً اس ٹاسک کو عملی جامہ پہنانے کیلئے میٹنگ بلا ئی جائے۔اس سلسلے میں کل بوقت تین بجے جسٹس ریٹائرڈ شاہ جھان خان کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس ہوگاجو مختلف سیاسی اور قوم پرست پارٹیوں سے رابطے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے گی۔