پی آئی اے کی پشاور سے تمام فلائٹس منافع بخش ہیں ،ر زاہداللہ شنواری

بدھ 20 اگست 2014 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے )کی جانب سے پشاور سے کراچی ہفتے میں ایک بار یکطرفہ فلائٹ چلانے اور بین الاقوامی روٹ پر ملائیشیاء اور کویت کی فلائٹس کینسل کرنے اور دوبئی کے لئے ہفتے میں صرف ایک فلائٹ چلانے پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ پی آئی اے کی پشاور سے تمام فلائٹس منافع بخش ہیں لیکن پھر بھی پشاور سے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کو بند کرنے کا کیا جواز بنتا ہے ۔

ایک بیان میں زاہداللہ شنواری نے کہا کہ پی آئی اے پشاور سے کراچی اور کراچی سے پشاور روزانہ فلائٹ چلاتی تھی جو اب یکطرفہ طور پر ہفتے میں صرف پشاور سے کراچی چلائی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے لئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی بزنس کمیونٹی کاروبار کے لئے کراچی یا بیرون ممالک دوبئی  ملائیشیا اور کویت سمیت دیگر ممالک کا وزٹ کرتی ہے لیکن پی آئی اے نے خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے فلائٹس میں بتدریج کمی کرتے ہوئے فلائٹس کا آپریشن مکمل طور پر روک دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سے لاہور اور کوئٹہ سے پشاور کی فلائٹس پہلے ہی بند ہیں اور اب کراچی کی فلائٹس بھی بند کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک فلائٹس کیلئے بھی اسلام آباد جانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے صوبے کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو کس بات کی سزا دی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی آئی اے نے اندرون اور بیرون ممالک فلائٹس کا شیڈول بحال نہ کیا تو بزنس کمیونٹی زبردست احتجاج کرے گی اور پی آئی اے کے آفسز کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔

زاہداللہ شنواری نے وفاقی حکومت اور سول ایوی ایشن کے حکام سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کی پشاور سے کراچی اور کراچی سے پشاور روزانہ فلائٹس کا فوری اجراء کیا جائے اور جن ممالک کی پشاور سے فلائٹس منقطع کی گئی ہیں انہیں بحال کیا جائے اور دوبئی کے لئے روزانہ کی بنیاد پر فلائٹس چلانے کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :