صوبہ بھر میں نظر بند کئے جانیوالے سیاسی کارکنوں کے 15 روز پورے ہوگئے

بدھ 20 اگست 2014 18:24

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) صوبہ بھر میں نظر بند کئے جانیوالے سیاسی کارکنوں کے آج 15 روز پورے ہوگئے ہیں جیل حکام نے صوبہ بھر کے ڈی سی او صاحبان کو نظر بند کارکنوں کی رہائی کیلئے چٹھیاں ارسال کردی ہیں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے موجودہ ملکی صورتحال کے باعث نظر بند کارکنوں کی نظر بندی میں مزید توسیع کرنے کیلئے صلح مشورے شروع کردیئے ہیں ذرائع کے مطابق عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں کے باعث سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کرکے ڈی سی او صاحبان کے حکم پر جیلوں میں بھجوادیا گیا تھا سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 6 اگست کو کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا تھا آج 21 اگست کو ان کی نظر بندی کے دیئے جانیوالے 15 روزہ احکامات کی مدت پوری ہورہی ہے جس پر سپرنٹنڈنٹ جیل سرگودھا سمیت صوبہ بھر کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس اپنے اپنے اضلاع کے ڈی سی او صاحبان اور آئی جی جیل خانہ جات کو ان کی رہائی بارے میں چٹھیاں ارسال کردی ہیں جس کے بعد پنجاب کے ہائی کمان نے سر جوڑ لئے ہیں کہ انہیں آج رہاء کیا جائے یا ان کی نظر بندی میں توسیع کی جائے قوی امکان ہے کہ ان کی نظر بندی میں موجودہ صورتحال کے باعث توسیع کی جاسکتی ہے۔