کمرشل بینکوں کے ڈیپازٹس میں ایک مہینے میں 102ارب سے زائد کی کمی

بدھ 20 اگست 2014 14:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) کمرشل بینکوں کے پاس ڈپازٹس میں ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 102 ارب روپے سے زیادہ کی کمی ہوگئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی کے دوران ملک میں کمرشل بینکوں کے پاس ڈپازٹس میں 102 ارب 37 کروڑ 90 لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور مہینے کے اختتام پر ان کا حجم 79 کھرب 80 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ روپے رہ گیا ۔

جون کے اختتام پر ڈپازٹس کا مجموعی حجم 80 کھرب 82 ارب 41 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم ڈپازٹس میں کمی کے باوجود جولائی کے دوران بینکوں کی طرف سے کی جانے والی سرمایہ کاری میں 45 ارب روپے سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اور بینکوں کی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 43 کھرب 60 ارب 50 کروڑ 70 لاکھ روپے سے بڑھ کر 44 کھرب 6 ارب 7 کروڑ 70لاکھ روپے سے تجاوز کر گیا۔ رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران بینکوں کی طرف سے نجی شعبے کو نئے قرضے دینے کی بجائے پرانے قرضوں کی وصولی ہی کی گئی۔ جس کے باعث بینکوں کی طرف سے نجی شعبے کو دئیے جانے والے قرضوں کو حجم 45 ارب 85 کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمی سے 42 کھرب 85 ارب 95کروڑ 50 لاکھ روپے رہ گیا۔