Live Updates

عمران خان اور طاہرالقادری کی قیادت میں مارچ ریڈزون کی جانب بڑھنے لگا

منگل 19 اگست 2014 21:13

عمران خان اور طاہرالقادری کی قیادت میں مارچ ریڈزون کی جانب بڑھنے لگا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کا مارچ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کی قیادت میں ریڈ زون کی جانب بڑھنے لگا۔پاکستانی عوامی تحریک کے کارکنان کی بڑی تعداد ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ریڈزون ایریا کی جانب بڑھ رہی ہے جبکہ ان کے ہمراہ کنٹینر ہٹانے والی کرینیں بھی موجود ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے مارچ میں دو حصار بنائے گئے ہیں جن میں خواتین کو آگے رکھا گیا ہے جبکہ ان کے بعد مرد کارکن موجود ہیں۔ریڈ زون روانگی سے قبل دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پرامن انقلاب مارچ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منتقل ہوگا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا بدلہ لئے بغیر وہاں سے نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14 شہدا کے ذمہ دار شریف برادران اور ان کی حکومت ہے جبکہ کارکنان پر گولیاں چلانے کا حکم شہباز شریف نے دیا جبکہ اسے وزیراعظم نواز شریف کی حمایت حاصل تھی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کا مارچ عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے جس میں کارکنان ی بڑی تعداد ریڈزون کی طرف بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، تحریک انصاف کے مارچ میں بھی شرکا کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت خواتین کو آگے اور مرد کارکنان ان کے پیچھے چلتے ہوئے ریڈزون میں داخل ہوں گے۔تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا دھرنے سے خطاب میں کہنا تھاکہ ریڈ زون پاکستان کا حصہ ہے بھارت کا نہیں ہمیں وہاں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا اگر حکومت نے کارکنان پر تشدد کیا تو ہم نوازشریف کو نہیں چھوڑیں گے اور نوازشریف سن لیں کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ انہیں جانا ہی ہوگا ۔

حکومت کی جانب سے ریڈ زون کی سکیورٹی فوج کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ فوجی حصار سے قبل پولیس،ایف سی،رینجرز کی نفری بھی تعینات ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :