Live Updates

عمران خان نے ’’ریڈ زون‘‘ کی طرف بڑھنے کا اعلان کر دیا،

پیر 18 اگست 2014 21:17

عمران خان نے ’’ریڈ زون‘‘ کی طرف بڑھنے کا اعلان کر دیا،

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کل ریڈ زون کی طرف بڑھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیکھتا ہوں کہ پولیس مجھ پر گولی چلاتی ہے یا نہیں، حکومت کو 48 گھنٹے دیئے تھے جو کل پورے ہو جائیں گے۔آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کل اپنے کارکنوں کے ساتھ ریڈ زون کی طرف نکلوں گا۔

مجھے یقین ہے کہ پولیس مجھ پر گولی نہیں چلائے گی لیکن حکومت کے گلو بٹوں نے ہم پر ہتھیار اٹھائے تو ان کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ عمران خان نے اپنے کارکنوں سے وعدہ لیا کہ کل ریڈ زون کی طرف نکلیں گے لیکن صرف پرامن احتجاج کرینگے۔ کل اسلام آباد کا ایک گملا بھی نہیں ٹوٹنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ریڈ زون کی طرف بڑھنے والوں میں سب سے آگے میں ہوں گا۔

یقین دلاتا ہوں کہ کل پوری دنیا پاکستانیوں کی طاقت دیکھے گی۔ پولیس سے کہتا ہوں کہ کوئی ایسا اقدام نہ کرے جس سے انتشار پیدا ہو۔ خواتین بھی میرے ساتھ جعلی اسمبلی جائیں گی۔ اگر کوئی گولی چلی تو پہلے مجھے لگے گی۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں تمام پاکستانیوں سے کل کے جلسے میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ کل ہم ایک نیا پاکستان بنانے جا رہے ہیں اس لئے تمام پاکستانی اس تاریخی موقع پر اکھٹے ہوں۔

اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میرے جنونی پاکستانیوں کو غلط فہمی ہو گئی تھی جس کو میں آج دور کرتا ہوں۔ سول نافرمانی پرامن آزادی لینے کا سب سے پُرامن ہتھیار ہے۔ سول نافرمانی ایک ایسا ہتھیار ہے کہ اگر ہمارے لانگ مارچ سے وزیراعظم نواز شریف بچ بھی گئے تو سول نافرنامی تحریک سے نہیں بچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے، صرف ہوا پر ٹیکس نہیں ہے۔ جمہوریت کے اندر حکمران قوم کو جوابدہ ہوتے ہیں۔ حکومت ہمیں جواب دیں کہ ہمارا پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے۔ قوم ٹیکسوں کے بوجھ تلے پس گئی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :