پیار سے کہہ رہا ہوں استعفیٰ دے دو، سونامی وزیراعظم ہاؤس بھی جا سکتا ہے، رات گزارنی ہے، بار بار خطاب کروں گا، وزیر داخلہ ضمیر کی آواز سنیں اور ہمارے ساتھ آ جائیں :کپتان کی دعوت

ہفتہ 16 اگست 2014 21:36

پیار سے کہہ رہا ہوں استعفیٰ دے دو، سونامی وزیراعظم ہاؤس بھی جا سکتا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ نے پہلی وکٹ گرا دی، بہت پیار سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف استعفیٰ دے دوں، غلط فہمی میں نہ رہیں، عوام کا سمندر وزیراعظم ہاﺅس بھی جا سکتا ہے۔ چوہدری نثار چوہدری نثار سن لیں، فیصلے کا وقت آ گیا ہے، کیا تمہیں بادشاہت کی غلامی کرنی ہے؟تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالر میں صبر نہیں ہوتا، رات گزارنی ہے، بار بار خطاب کروں گا، اس غلط فہمی میں نہ رہنا کہ ہفتوں بیٹھا رہوں گا، نواز شریف استعفیٰ دے دو، یہ نہ ہو سونامی ریڈزون سے ہوتے ہوئے وزیراعظم ہاﺅس پہنچ جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر دیکھنے والو سن لو یہ وقت گھر بیٹھنے کا نہیں ، سب باہر نکلو ورنہ تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، قوم نے آواز نہ اٹھائی تو تباہی کی ذمہ دار ہو گی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں یا بادشاہوں کے؟ فیصلے کا وقت آ گیا ہے، کیا انہوں نے بادشاہت کی غلامی کرنی ہے؟ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے بادشاہ پر ایف آئی آر کٹنے والی ہے، بڑے بادشاہ کا مستقبل بھی خطرے میں لگ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان عوام سے جھوٹ نہیں بولے گا۔

تحریک انصاف کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے ایمپائر کے بغیر کبھی نہیں کھیلتے تھے، وہ الیکشن بھی اپنے ایمپائروں سے کھیلنا چاہتے ہیں، چھوٹے مغل اعظم کو جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکاءسے ”گو نواز گو“ کے نعرے لگوائے اور کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قوم کے ساتھ جھوٹے وعدے نہیں کرے گا اور وعدہ کرتا ہوں کہ قوم کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس سے ”گلوبٹوں“ کو نکالیں گے اور آنے والے دنوں میں پولیس ”گلوبٹوں“ کو نہیں پالے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جلسے پر پتھراﺅ سے ان کا بیٹا سلمان بھی سہم گیا جبکہ شیخ رشید نے پومی بٹ کو گولیاں چلاتے دیکھا۔ ملک میں جاری بجلی بحران اور سرکلر ڈیٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام کو سب سے مہنگی بجلی دی جا رہی ہے، نواز حکومت کے اقتدار میں آتے ہی 500 ارب روپے کسے دیئے گئے یہ آڈٹ کرانے سے پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے جیو اور جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ”شرم کرو! تم اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہو“۔

متعلقہ عنوان :