Live Updates

آزادی مارچ رواں دواں، وزیراعظم سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہے ہیں، عمران خان

جمعرات 14 اگست 2014 21:00

آزادی مارچ رواں دواں، وزیراعظم سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہے ہیں، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہے ہیں، اسلام آباد پہنچ کر شریف خاندان کی بادشاہت ختم کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف آزادی مارچ لاہور سے اسلام آبا د کی جانب رواں دواں ہے جہاں چیئرکراسنگ پہنچنے پرعمران خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آمروں اور بادشاہوں سے نجات دلاکر دم لیں گے،تحریک انصاف قائداعظم کا پاکستان بنانے اسلام آباد جارہی ہے، آزادی مارچ کو غیر آئینی کہنے والے یاد رکھیں کہ دھاندلی سے الیکشن جیتنا بھی غیر آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سے نہیں گلو بٹوں سے خطرہ ہے، پولیس کارکن چھوڑ دے ہمارا احتجاج پرامن ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 2013کا میچ فکس تھا اورعوام سے مینڈیٹ چھینا گیا، کشکول توڑنے کی باتیں کرنے والوں نے قرضے لینے کا ریکارڈ توڑ دیا، کشکول تب ٹوٹے گا جب حکمران طبقہ ٹیکس دے گا۔تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ انتظامیہ نے مارچ کے شرکا کو آگے بڑھنے کے لیے راستے کھول دیئے ہیں اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو بھی ایک جانب کردیا گیا ہے جبکہ آزادی مارچ کی سربراہی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کررہے ہیں اور مارچ میں شریک تحریک انصاف کے دیگر رہنما ایک ٹرک پر موجود ہیں، عمران خان کے لئے خصوصی کنٹینر بنایا گیا ہے جو ان کی تمام ضروریات کے مطابق سہولیات سے آراستہ ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا جب کہ راستے سے مارچ میں مختلف شہروں سے آنے والے قافلے بھی شامل ہوں گے اور اس دوران عمران خان کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے بعض مقامات پر خطاب بھی کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات