Live Updates

حکومت کا پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر کا جلد جواب دینے کا فیصلہ

پیر 11 اگست 2014 13:20

حکومت کا پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر کا جلد جواب دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء) حکومت 14 اگست کولانگ مارچ سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے اقتصادی کارکردگی سے متعلق وائٹ پیپر کا جواب دینا چاہتی ہے، اسی لیے پریشان حکمران جماعت نے سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کو دبئی سے واپس بلالیا ہے تاکہ وائٹ پیپر کا سرکاری جواب دیا جائے۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر وقارمسعود 6.7 ارب ڈالر کے امدادی پروگرام کے چوتھے جائزہ کے تحت آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے دبئی میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

حکومت کاآئی ایم ایف سے جاری مذاکرات پر پی ٹی آئی کے وائٹ پیپرکاجواب دینے کو ترجیح دینا معیشت کے لیے سیاسی عدم استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔ دبئی میں کامیاب جائزہ اورآئی ایم ایف بورڈکی جانب سے منظوری کے بعد پاکستان کو 55کروڑ ڈالرقرض کی اگلی قسط ملنے کی راہ ہموار ہوگی۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سرکاری اہلکار کی حیثیت سے ڈاکٹر وقار مسعود مفت سفری اور روزانہ کی مراعات کے اہل ہیں اور انھیں واپس بلانے کے فیصلے سے مجموعی اخراجات دگنا ہوجائیں گے جوخزانہ پر بوجھ ہوگا۔

وزارت خزانہ کے ترجمان رانا اسدامین تبصرے کے لیے دستیاب نہ تھے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ حکومت نے وزارت خزانہ کے ان متعدداہلکاروں کو بھی ذمے داریاں سنبھالنے کے لیے واپس بلایا ہے جو چھٹیوں پرہیں تاکہ جامع جواب کا مسودہ تیارکرنے کے کام میں سیکرٹری خزانہ کی مدد کرسکیں۔وزارت خزانہ نے جوتفصیلی جواب جلد دے گی اپنے ابتدائی تبصرے میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ معیشت پر وائٹ پیپرمیں حقائق کو مسخ کیاگیا ہے جس کامقصدعوام کو گمراہ کرنا ہے۔

وائٹ پیپرمیں لگائے گئے الزامات غلط اورجھوٹ کا پلندہ ہیں۔عمران خان نے وائٹ پیپرمیں ن لیگ کی حکومت پرمعیشت کوتباہ کرنے کاالزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پہلے ایک سال میں پیپلزپارٹی کی حکومت کے 5 سال کی نسبت افراط زرکی شرح بلندترین ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری 13فیصد کم جبکہ لوڈشیڈنگ دورانیہ میں کمی لائے بغیربجلی کی قیمتوں میں 80فیصد اضافہ ہواہے۔ رائیونڈ میں وزیراعظم ہاؤس لوڈشیڈنگ سے پاک علاقہ ہے اور 4سال میں اقتصادی شرح ترقی کم ترین ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :