طاہر القادری نے 14اگست کو انقلاب مارچ کا اعلان کر دیا ، آزادی مارچ اور انقلاب مارچ ساتھ ساتھ چلیں گے ، ظلم کا خاتمہ کیا جائے گا ، طاہر القادری

اتوار 10 اگست 2014 21:10

طاہر القادری نے 14اگست کو انقلاب مارچ کا اعلان کر دیا ، آزادی مارچ اور ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 14 اگست کو انقلاب مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی صورت ملک میں مارشل لا کا نفاذ نہیں چاہتے۔ ہم آئین، قانون اور جمہوریت نہیں بلکہ مارشل لا کیخلاف ہیں۔ ہم پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے حامی ہیں۔ کسی صورت مارشل لا کی حمایت نہیں کرینگے۔

پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یوم شہداء کی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو آزادی مارچ اور انقلاب مارچ اکھٹے چلیں گے اور حکمرانوں کے ظلم کا تختہ الٹ دیں گے۔ ظلم کے نظام کے خاتمے تک کوئی گھر واپس نہیں آئے گا۔ جو واپس آئے اسے بھی شہید کر دو۔ اگر میں شہید کر دیا جائوں تو میرے قتل کا بدلہ ''شریف برادران'' سے لیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردی کیخلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یوم شہداء پاک فوج کے شہیدوں کی یاد میں ہے۔ آج آپریشن ضرب عضب کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ یوم شہداء پر پورے پاکستان سے آنے والے قافلوں کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا۔ ہمارے سینکڑوں کارکنوں کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس سے قبل سانحہ ماڈل ٹائون میں ریاستی جبر کیخلاف شہادتیں پیش کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے جب ظلم رہے گا اور نہ ظالم رہے گا۔ اب ظلم بچے گا اور نہ ظالم بچے گا۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب پھولوں کی سیج نہیں ہے۔ قوموں کا مقدر قربانیوں کے بغیر بدل نہیں سکتا۔ دنیا میں ہر جگہ تبدیلی طویل قربانیوں کے بعد آئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجھے کسی بھی وقت شہید کیا جا سکتا ہے لیکن میں ڈرنے والا نہیں ہوں۔ حکمران مجھے ڈرا سکتے ہیں اور نہ دھمکا سکتے ہیں۔ 18 کروڑ عوام کیلئے شہادت قبول ہے۔ انقلاب کی فتح یا اپنی شہادت تک جنگ لڑوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکن 3 دن تک یہی قیام کریں. جو کارکن مجھے چھوڑ کر جانا چاہیں وہ اپنے گھروں کو جا سکتے ہیں۔ کارکن نیت کر لیں تو حکمرانوں سے نجات حاصل کرکے رہیں گے۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو پیغام دیا کہ جو تم پر ہاتھ اٹھائے اس کے ہاتھ توڑ دو۔