تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے 1600 سے زائد کارکن گرفتار

جمعہ 8 اگست 2014 23:59

تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے 1600 سے زائد کارکن گرفتار

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔2014ء) لاہور سمیت پنجاب بھر میں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک 16 سو سے زائد کارکن گرفتار کیے جاچکے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نےآزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

انہی احکامات کے تحت گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک جن شہروں سے گرفتاریاں کی گئی ہیں، ان میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، کامونکی، جہلم اور دیگر شہر شامل ہیں۔ ذارئع کے مطابق گرفتار کئے جانے والے کارکنوں کے خلاف ابھی تک مقدمات درج نہیں کئے گئے، انہیں مختلف تھانوں میں بند کردیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ عوامی تحریک پاکپتن کے صدر کے بیٹے سمیت 45افراد کو ٹھوکر نیاز بیگ سے حراست میں لے کر ساہیوال جیل اور ملتان سے آنے والی 50خواتین کارکنوں کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا۔

دوسری طرف آزادی مارچ کی موٹر سائیکل ریلی روکنے کے لیے موٹر سائیکلوں کی پکڑ دھکڑکا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیکڑوں موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کر دی گئی ہیں۔