لاہور: عوامی تحریک کے کارکنوں کا پولیس پر دھاوا، خوشاب میں تھانے کو آگ لگا دی

جمعہ 8 اگست 2014 20:28

لاہور: عوامی تحریک کے کارکنوں کا پولیس پر دھاوا، خوشاب میں تھانے کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔2014ء) طاہر القادری کی للکار پر گیس ماسک پہنے، ڈھالوں اور ڈنڈوں سے لیس افراد نے پولیس پر دھاوا بول دیا۔ توڑ پھوڑ، کرین سنبھال کر کنٹینرز ہٹا دئیے۔ پولیس اہلکار تصادم سے بچنے کے لئے پسپا۔ خوشاب کی تحصیل قائد آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا اور تھانے کو آگ لگا دی۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی جانب سے منہاج القرآن سیکریٹریٹ جانے والے راستوں پر کنٹینر لگائے گئے تھے جنہیں عوامی تحریک کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے مزاحمت کر کے ہٹا دیا۔ عوامی تحریک کے مشتعل کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور انہوں نے فیصل ٹاؤن اور جناح چوک پر لگائے گئے کنٹینروں کو ہٹا دیا اور پولیس کی جانب سے لگائی گئی تمام رکاوٹیں بھی توڑ دیں جبکہ اس دوران عوامی تحریک کے ڈنڈا بردار کارکنان نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔

(جاری ہے)

کارکنان نے علاقے میں موجود پولیس کی گاڑیوں پر ڈنڈے بھی برسائے ۔ پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔ پولیس نے مہناج القرآن سیکرٹریٹ کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف نے کہا پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا پولیس اہلکار یہاں مار کھانے نہیں آئے۔ ماڈل ٹاؤن کی سڑکوں پر پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ علاقہ مکین محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔ادھر خوشاب کی تحصیل قائد آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا اور تھانے کو آگ لگا دی۔