Live Updates

حکومت سے نجات کے لئے عمران خان اور طاہر القادری کو متحد ہونا ہوگا، شیخ رشید

جمعہ 8 اگست 2014 14:16

حکومت سے نجات کے لئے عمران خان اور طاہر القادری کو متحد ہونا ہوگا، شیخ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری لاکھوں لوگوں کے رہنما ہیں، حکومت سے نجات کے لئے عمران خان اور طاہر القادری کو متحد ہونا ہوگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کا سہارا لے رہی ہے، آزادی اور انقلاب مارچ کے خلاف قومی سلامتی کانفرنس بلانا انتہائی غیر ذمے دارانہ بات ہے، حکومت کی جانب سے عمران خان کو قومی سلامتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان کی عمران خان سے حکومت سے مذاکرات سے متعلق بات ہوئی ہے،حکومت کی جانب سے 10 حلقوں پر ڈیل کی باتیں کی جا رہی ہیں تاہم انہوں نے 10نشستوں کی کسی بھی بات کی تردید کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت طاہر القادری اور عمران خان کے احتجاج سے ڈر گئی ہے۔ یہ کہنا کہ ڈاکٹر طاہر القادری قومی اسمبلی کے رکن نہیں اس لئے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی جائے کسی طور بھی ٹھیک نہیں۔ صرف اسمبلی میں آکر ہی عوام کی خدمات اور نمائندگی نہیں ہوسکتی، طاہر القادری منتخب نہ ہو کر بھی لاکھوں لوگوں کے لیڈر ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت سے نجات کے لئے عمران خان اور طاہر القادری کو متحد ہونا ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات