زکوٰة مستحقین کو ملنے والا گزارا الاؤنس اب نادرا کے بجائے سندھ بینک کے ذریعے دیا جائے گا کیونکہ نادرا سے کیا گیا معاہدہ ختم ہو گیا ہے،زاہد قربان علوی

جمعرات 7 اگست 2014 22:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) چیئرمین سندھ زکوٰاة کونسل جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ زکوٰة مستحقین کو ملنے والا گزارا الاؤنس اب نادرا کے بجائے سندھ بینک کے ذریعے دیا جائے گا کیونکہ نادرا سے کیا گیا معاہدہ ختم ہو گیا ہے، سندھ بینک کے ذریعے زکوٰاة کی تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

وہ حیدرآباد کے تین اسکولوں کے طلبہ و طالبات میں یونیفارم ، اسکول بیگس،واٹر کولر اور پنکھے تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

زاہد قربان علوی نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ مستحقین کو زکوٰاة احسن طریقے سے جلد فراہم ہو اس لیے سندھ بینک سے نیا معاہدہ کیا گیا ہے، ضلع زکوٰاة کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین شیر محمد پیر زادہ نے بتایا کہ زکوٰاة کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے زکوٰاة کی تقسیم کا ایسا طریقہ اختیار کیا گیا ہے جس سے حقیقی مستحقین کو ان کا حق دیا جاسکے، انہوں نے بتایا کہ آج کی اس تقریب میں حیدرآباد کے تین اسکولوں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول لطیف آباد نمبر10 ، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول محمد بخش شورو قاسم آباد اور گورنمنٹ گرلز اسکول حمیدہ شاہنواز قاسم آباد کے کُل 125 طلبہ و طالبات میں اسکول یونیوفارم ، اسکول بیگس، 6 اسکولوں کے لیے واٹر کولر ز اور 6 پنکھے دیئے جارہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ حیدرآباد ضلع کے 70 اسکولوں کے 35 سو طالبعلموں میں یونیفارم اور اسکول بیگس اور اسکولوں کو واٹر کولر اور پنکھے دیئے جائیں گے جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران حیدرآباد ضلع کے مزید اسکولوں میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے زکوٰاة فنڈ میں سے رقم فراہم کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کی ہدایات پر محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے شعبوں کو ترجیح دی جارہی ہے اور زکوٰاة کی کثیر رقم انہی شعبوں کی بہتری اور ترقی کے لیے خرچ کی جارہی ہے، تقریب میں مقامی زکوٰاة کمیٹی کے چیرمینز ، اساتذہ اور طالبعلموں نے نے شرکت کی ۔