حکومتی رابطوں پر طاہرالقادری نے انقلابی مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے کا عندیہ دیدیا

پیر 4 اگست 2014 23:25

اسلا م آ با د( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اگست 2014ء) اہم حکومتی شخصیات کے پس پردہ ڈاکٹرطاہرالقادری سے رابطے جاری ہیں اورانہی رابطوں کے باعث فی الحال عوامی تحریک نے انقلابی مارچ کی تاریخ کوآگے بڑھانے کاعندیہ دیدیا ہے۔ذرائع کے مطا بق عوامی تحریک اور تحریک انصاف میں مشترکہ احتجاجی مارچ کے معاملات اب تک فائنل نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے طاہرالقادری اورانکی اتحادی جماعتوں نے انقلابی مارچ کی تاریخ کا اتوارکواعلان نہیں کیا،ان سیاسی اتحادیوں میں فی الحال اس بات پراتفاق ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے آئندہ کے سیاسی عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلی پالیسی طے کی جائے گی۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلیٰ ترین شخصیت کی ہدایت پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور طاہر القادری سے مسلسل پس پردہ رابطے میں ہیں اور ان رابطوں میں انھیں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام امور پر حکومت سے مذاکراتی آپشن پر بات کریں اور فی الحال اپنے انقلابی مارچ کی تاریخ کو تبدیل کر دیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے طاہرالقادری نے حکومتی پیغام پر اپنے قریبی رفقاسے طویل مشورے کیے ہیں اور اس مشاورت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث فی الحال انقلابی مارچ کی تاریخ کا تعین آئندہ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیاجائے گا،چوہدری برادران اورعوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشیدکوبھی انھوں نے اس حوالے سے اعتمادمیں لے لیاتاہم ان جماعتوں کے درمیان اب تک انقلابی مارچ کے نکالنے کی حتمی تاریخ کے حوالے سے کوئی حکمت عملی طے نہیں ہوسکی ہے