ڈیرہ اسماعیل خان میں گاڑی کے قریب دھماکا، روحانی پیشواء سمیت 3 افراد جاں بحق

پیر 4 اگست 2014 23:25

ڈیرہ اسماعیل خان( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اگست 2014ء)ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں مڈھی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں پاکستان سرائیکی پارٹی کے سابق امیدوار اور کلاچی کی روحانی شخصیت فقیر جمشیدسمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلا ت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پاکستان سرائیکی پارٹی کے مقامی رہنما فقیر جمشید اپنے ڈرائیور اور محافظ کے ہمراہ جارہے تھے کہ مڈھی روڈ پر ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا۔

دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پرتباہ جبکہ اس میں سوار فقیر جمشید سمیت تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔

(جاری ہے)

فقیر جمشید نے 2013 کے انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن وہ دونوں میں ہار گئے تھے۔

الیکشن سے قبل فقیر جمشید نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان سرائیکی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور این اے 24 ڈیرہ اسماعیل خان ون سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا ۔ فقیر جمشید کے والد روحانی پیشواء تھے ۔ ان کی وفات کے بعد فقیر جمشید سجادہ نشین بنے اور ان کے مریدوں کی بڑی تعداد پنجاب سے تعلق رکھتی ہے۔

حکا م کے مطابق بظاہر فقیر جمشید کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا ہے۔ گاڑی میں سوار تینوں افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں ان کا گارڈ اور عارف نامی ایک پنجابی مرید شامل تھا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔وزیرِ اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔ تحصیل کلاچی میں ماضی میں بھی تشدد کی متعدد کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔واضح رہے کہ فقیر جمشید روحانی شخصیت تھے اور علاقے میں ان کے ارادتمندوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔