پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کرنے والے آج پھر اکٹھے ہوگئے ہیں، پرویز رشید

اتوار 3 اگست 2014 12:15

پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کرنے والے آج پھر اکٹھے ہوگئے ہیں، پرویز ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2014ء) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری اور چوہدری پرویز الٰہی نے پرویز مشرف کے ریفررنڈم کی حمایت کی تھی یہی افراد آج ایک بار پھر اکٹھے ہوگئے ہیں۔ راولپنڈی میں جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی پرچم کشائی کی ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے بزرگوں نے لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے نہیں بلکہ پاکستان کو ایک جمہوری جدوجہد سے حاصل کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) بزرگوں کی روایات پرعمل پیرا ہے۔

مسلم لیگ(ن)کے کارکن ملک کو بنانا اورسنوارنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے وہ ترقی کی جانب جاتا اور یہ وہ راستہ ہے جو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو ختم کرکے ملک میں استحکام لے کر آئے گا۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے تمام شعبوں میں بہتری کی اور اسے دنیا نے بھی تسلیم کیا ہے۔ بجلی کے مسائل حل کرنےکیلیے دن رات کوششیں کررہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے جتنے منصوبوں کا آغازکیا، اتنے60 سال میں نہیں ہوئے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان،طاہرالقادری،پرویزالہٰی نےپرویزمشرف کےریفرنڈم کی حمایت کی تھی، پرویز مشرف کے ساتھی ایک مرتبہ پھراکٹھے ہوگئے ہیں، ہم ان عناصر کا مکمل مقابلہ کریں گے۔ عمران خان اور طاہرالقادری دونوں نے اب تک اپنے مطالبات نہیں بتائے، طاہرالقادری کون سے انقلاب کی باتیں کرتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے روز اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ اور جلسے کے دوران اگر دہشت گردی ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔

انہیں ذمہ داری لینا ہوگی کہ جلسے اور جلوس کی آڑ میں کوئی امن خراب نہیں کرے گا۔ عمران خان ، چوہدری پرویز الہٰی اور ڈاکٹر طاہر القادری امن کی ذمہ داری لیں ہم دہشتگردوں سےنمٹ لیں گے۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ عمران خان کی جماعت کے ارکان نے پہلی مرتبہ اسمبلی کا منہ دیکھا ہے، ان میں سے کوئی بھی استعفیٰ نہیں دے گا، اگرعمران خان نے استعفے کی بات کی تو ان کی جماعت میں بغاوت ہوجائے گی۔

متعلقہ عنوان :