خیبرپختونخوا حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں یہ اپنی موت آپ مرجائے گی،دہشتگردی کاحل آپریشن نہیں ، اس مسئلے کومل بیٹھ کر حل کیا جاسکتا تھا ،مولانافضل الرحمن

ہفتہ 2 اگست 2014 16:04

خیبرپختونخوا حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں یہ اپنی موت آپ مرجائے گی،دہشتگردی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ دھرنوں اور مارچ کے اعلانات کو اہمیت نہیں دینی چاہیے،ہمیں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کی آڑ میں پوشیدہ ایجنڈے کو دیکھنے کی ضرورت ہے ، دہشتگردی کاحل آپریشن نہیں ہے، اس مسئلے کومل بیٹھ کر حل کیا جاسکتا تھا مگرحکومت وقت نے آپریشن کوفوقیت دی، گزشتہ روزنجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاکہ دھرنوں اور مارچ کے اعلانات کو اہمیت نہیں دینی چاہیے، دیکھنا ہے کہ احتجاج کرنے کے پس پردہ مقاصد کیا ہیں، انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور اداروں پر دباؤ ڈالنا سازش کا حصہ ہے،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی طرف سے صرف چار انتخابی حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کامطالبہ مضحکہ خیزہے ،فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان قومی معاملات چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو نااہل قراردیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختوا حکومت آئی ڈی پیزکی مدد کرنے میں ناکام رہی،پی ٹی آئی کی حکومت کوکوئی بھی ختم نہیں کرے گایہ خودبخودختم ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسلام آباد میں 14 اگست کودھرناکسی اہمیت کاحامل نہیں، خواہ مخواہ اس دھرنے کواہمیت دی جارہی ہے اور نان ایشوکوایشو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت کوعمران خان کے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہونے کی ہرگزضرورت نہیں۔ تحریک انصاف اوچھے ہتھکنڈوں سے جمہوریت کونقصان نہیں پہنچا سکتی ،مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کاحل آپریشن نہیں ہے، اس مسئلے کومل بیٹھ کر حل کیا جاسکتا تھا مگرحکومت وقت نے آپریشن کوفوقیت دی۔

متعلقہ عنوان :